سرینگر: جموں وکشمیر نیشنل کانفرنس جنرل سکریٹری حاجی علی محمد ساگر نے کیا کہ موجودہ افسر شاہی نظام میں جموں وکشمیر کے عوام روز مرہ کے مصائب اور مشکلات کی چکی میں پس رہے ہیں اور غیر جمہوری مسلط کئے گئے حکمرانوں کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگ رہی ہے۔ان باتوں کا اظہار انہوں نے جمعے کے روز مختلف عوامی وفود، پارٹی عہدیداروں اور کارکنوں کیساتھ ملاقات کے دوران کیا۔
انہوں نے اس موقعے پر کہا کہ عام لوگ حکومت کی غفلت شعاری اور نااہلی سے مختلف نوعیت کے مشکلات و مصائب سے دوچار ہیں۔ سرما آنے سے قبل ہی بجلی کی بدترین سپلائی پوزیشن شروع ہوگئی تھی اور آج ہر سو بجلی کا بحران ہے، ٹھٹھرتی سردی میں بھی لوگوں کو بجلی دستیاب نہیں۔ حکمران بجلی نظام میں بہتری لانے کے بجائے اسے پیچھے دھکیل رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آج سے دس سال قبل لوگوں کو معقول اور مناسب بجلی فراہم ہوتی تھی لیکن آج فیس میں کئی گناہ اضافے کے باوجود صارفین کو بجلی فراہم نہیں کی جارہی ہے، حکومتی سطح پر صرف دعوے اور اعلانات ہوتے ہیں لیکن زمینی سطح پر اس کا عملدرآمد نہیں ہوتا ہے۔ گذشتہ 5 برسوں سے حکمرانوں کے 24 گھنٹے بجلی کی فراہمی کے دعوے سرما آتے ہیں سراب ہوجاتے ہیں اور پھر بجلی کمی کیلئے ہیلے بہانے اپنائے جاتے ہیں۔