صدر جمہوریہ رام ناتھ کووند نے بتایا کہ جموں و کشمیر میں حال ہی میں آزادی کے بعد پہلی بار ڈی ڈی سی انتخابات منعقد ہوئے اور اس میں لوگوں کی ایک بڑی تعداد نے حصہ لیا۔
صدر جمہوریہ رام ناتھ کووند رام ناتھ کووند نے کہا کہ جموں و کشمیر کے عوام نے مرکزی حکومت کی ترقیاتی پالیسیوں کی حمایت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈی ڈی سی انتخابات میں لوگوں کا بڑی تعداد میں حصہ لینا اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ جموں و کشمیر نئے جمہوری نظام کی جانب گامزن ہو رہا ہے۔
رام ناتھ کووند نے کہا کہ جموں و کشمیر کے لوگوں کو نئے حقوق ملنے سے وہ خود مختار بن گئے ہیں۔ بھارت صحت یوجنا لاگو ہونے سے جموں و کشمیر کے ہر فرد کو علاج کے لیے 5 لاکھ روپے ملیں گے اور وہ اس اسکیم سے مستفید ہو سکتے ہیں۔
صدر جمہوریہ نے گلوان میں ہلاک ہونے والے فوجی جوانوں کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کو ان فوجی جوانوں پر ناز ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان جوانوں نے اپنی ہمت اور جذبہ سے سرحدوں کی حفاظت کی ہے۔جوانوں نے ایل اے سی پر ہر سازش کا جواب دیا ہے۔
واضح رہے کہ جمعہ کے روز صدر جمہوریہ رام ناتھ کووند کے خطاب کے ساتھ ہی پارلیمنٹ کے بجٹ سیشن کا آغاز ہوگیا۔ پارلیمنٹ کے بجٹ سیشن میں کل 12 اجلاس ہوں گے جبکہ اگلا مرحلہ آٹھ مارچ سے شروع ہو کر آٹھ اپریل کو ختم ہوگا جس میں کل 21 اجلاس ہوں گے۔ صدر جمہوریہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ چیلنجز کتنے بڑے کیوں نہ ہوں ، نہ ہم رکیں گے اور نہ بھارت رُکے گا۔