جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے کہا کہ بار بار اپیل کرنے کے باوجود لوگ سڑکوں پر بغیر ماسک پہنے چلتے پھرتے نظر آ رہے ہیں۔
انہوں نے لوگوں سے ایک بار پھر اپیل کی کہ وہ کورونا وائرس ایس او پیز پر سختی سے عمل کریں تاکہ انسانی جانوں کو بچایا جا سکے۔
لیفٹیننٹ گورنر نے اپنے ماہانہ ریڈیو پروگرام 'عوام کی آواز' کے دوران کہا کہ 'میں اس پروگرام میں بار بار آپ سے کورونا کے پیش نظر احتیاط کرنے کی اپیل کرتا ہوں۔ میں نے پچھلے کچھ دنوں سے دیکھا کہ لوگ لاپرواہی کر رہے ہیں۔ کورونا ایس او پیز پر سختی سے عمل نہیں کیا جا رہا ہے۔ بار بار اپیل کے باوجود سڑکوں پر لوگ ماسک کے بغیر چلتے ہوئے نظر آ رہے ہیں'۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ 'میری آپ سب سے ہاتھ جوڑ کر اپیل ہے کہ مہربانی کر کے احتیاط برتیں۔ ایس او پیز پر عمل کرنے سے ہم اس بیماری کو دور رکھ سکتے ہیں۔ ایس او پیز پر عمل کرنے سے آپ نہ صرف اپنی بلکہ اپنے خاندان کی زندگی بچا سکتے ہیں نیز عوام کی جانیں بچانے میں مددگار ثابت ہو سکتے ہیں'۔