ڈاکٹرس ایسوسی ایشن کشمیر نے جموں وکشمیر انتظامیہ سے کہا ہے کہ وہ اسپتالوں میں مریضوں کو گرمی پہنچانے کے کے لیے فوری اقدامات اٹھائے۔ ہسپتالوں میں زیر علاج مریضوں کو سردی سے بچانے کے لیے اب تک کوئی انتظام نہیں کیا گیا ہے۔
ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کشمیر کے صدر ڈاکٹر نثارالحسن نے کہا ہے کہ ہسپتالوں میں ابھی تک ہیٹنگ سسٹم چالو نہیں کیا گیا ہے جس کی وجہ سے سرکاری ہسپتالوں میں زیر علاج مریض ٹھنڈ کے باعث کافی پریشان ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہڈیوں کو جما دینے والی اس سردی سے مریض مزید مشکلات کاسامنا کر رہے ہیں جبکہ اس ٹھنڈی میں مریضوں کو جتنی زیادہ گرمی ملے گی وہ اتنی جلد صحتیاب ہوں گے۔
ہسپتالوں میں گرمی کا انتظام نہ ہونا مریضوں کے لیے خطرناک ثابت ہوسکتا ہے۔ خاص طور پر دل کے دورہ پڑنے والے اور اسٹروک کے مریضوں کو سردی کے سبب موت کا زیادہ خطرہ رہتا ہے۔ ساتھ ہی دمہ اور چھاتی کے مریضوں کے لیے بھی ہسپتالوں میں سردی سے جان جانے کا خطرہ رہتا ہے۔