سرینگر:سرینگر کے واحد ملٹی پلیکس تھیٹر میں بالی ووڈ کے ’بادشاہ‘ شاہ رخ خان اور اداکاراہ دیپکا پڈوکون کی فلم ’’پٹھان‘‘ دیکھنے کے لئے مداحوں کی بھیڑ امڈ پڑی۔ شاہ رخ خان کے مداحوں نے فلم کی کافی سراہنا کی۔ ادھر، ملٹی پلیکس کے مالک نے میڈیا نمائندوں کو بتایا کہ فلم کے پہلے چار شوز کی ایڈوانس بُکنگ کی گئی ہے۔ ملٹی پلیکس ’’آئی نوکس‘‘ کے مالک وِکاس دھر نے میڈیا نمائندوں کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ ’’سرینگر کے سنیما گھر میں پہلی مرتبہ شاہ رخ خان کی مووی دکھائی جا رہی ہے اور شاہ رخ خان کے مداحوں کا ریسپانس قابل ستائش ہے۔‘‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’’فلم کے دوران بڑے پردے پر جوں ہی شاہ رخ خان کی انٹری ہوتی تو مداح تالیاں اور سیٹی بجا کر اپنے جذبات کا اظہار کر رہے تھے۔‘‘ وِکاس دھر نے سرینگر میں سینما کی جانب بڑھتے رجحان خاص کر نوجوانوں کا سنیما گھروں کی طرف رخ کرنے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا: ’’نوجوانوں کا سنیما گھروں کی جانب رخ کرنا ہمارے لئے بھی باعث اطمینان ہے۔‘‘ انہوں نے فلم پٹھان کے حوالہ سے کہا کہ ’’پٹھان مووی کو سرینگر میں ریلیز کرنا اچھا فیصلہ ثابت ہو رہا ہے۔ ایڈوانس میں بکنگ چل رہی ہے اور آئندہ دنوں میں زیادہ سے زیادہ لوگوں کی آمد کی توقع ہے۔‘‘