سرینگر میونسپلٹی کے ایک سینئر افسر نے ای ٹی وی بھارت کو بتایا کہ ’’کارپوریٹر کے بھائی نے اپنے سفر کی تفصیلات پوشیدہ رکھی تھیں۔ وہ حال ہی میں وادی لوٹنے کے بعد اپنے اہل وعیال کے ساتھ رہے تھے۔ کارپوریٹر کو بھی شاید یقین تھا کہ ان کا بھائی کرونا وائرس سے متاثر نہیں ہے جس وجہ سے وہ ایس ایم سی کے افسران سے لگاتار ملتے رہے۔‘‘
ان کا مزید کہنا تھا کہ ’’جب اس کارپوریٹر کے پڑوسیوں نے ضلع انتظامیہ کو اطلاع کی تب کارروائی کی گئی۔ ضلع انتظامیہ کو اطلاع موصول ہونے کے بعد کارپوریٹر کے بھائی کو 28 اپریل کو قرنطینہ میں رکھا گیا جس کے بعد کل ان کے ٹیسٹ کی رپورٹ مثبت آئی۔‘‘
قابل ذکر ہے کہ یہ کارپوریٹر گزشتہ روز سرینگر کے میئر جنید متو، ڈپٹی میئر پرویز قادری، بی جے پی ضلع صدر عارف راجا، نشاط سے کارپوریٹر عاقب رینزو کے علاوہ ایس ایم سی کے سینئر افسران کے ساتھ دیکھے گئے تھے۔
انتظامیہ نے اسی بیچ اس شخص کے تمام کنبے کو قرنطینہ میں رکھا ہے اور ان کی کرونا وائرس کے لئے جانچ مکمل ہو چکی ہے تاہم نتائج ابھی نہیں آئے ہیں۔