نیشنل کانفرنس کے جنرل سکریٹری علی محمد ساگر نے کہا کہ ان کی جماعت ہمیشہ پنڈت برادری کو سماج کا ایک اہم جز اور اہم حصہ قرار دیتی آئی ہے اور پارٹی کے نزدیک کشمیر اُس وقت تک ادھورا ہے جب تک نہ ہمارے کشمیری پنڈت بھائی عزت و آبرو کے ساتھ یہاں واپس آ کر رہائش پذیر ہوں گے۔
ان باتوں کا اظہار انہوں نے پیر کے روز پارٹی ہیڈکوارٹر پر ایک تقریب پر خطاب کرتے ہوئے کیا ہے۔ اس تقریب کا انعقاد بی جے پی سے وابستہ شوپیان میونسپل کمیٹی کے وائس چیئرمین، کارپوریٹر، سرپنچ اور پنچوں کی نیشنل کانفرنس میں شمولیت کے سلسلے میں کیا گیا تھا۔
پارٹی میں شمولیت اختیارات کرنے والوں میں اشوک کمار بالی وائس چیئرمین میونسل کمیٹی شوپیان، سشما بالی کونسلر، رجندر کمار بالی کونسلر، راجندر کول پنچ اور منجو کول سرپنچ کے نام قابل ذکر ہیں۔
اس موقعے پر پارٹی کے صوبائی صدر ناصر اسلم وانی، سینئر لیڈران سکینہ ایتو، شمیمہ فردوس، ڈاکٹر بشیر احمد ویری، علی محمد ڈار، ایم کے یوگی، شوکت حسین گنائی، ایڈوکیٹ شبیر احمد کلے، صبیہ قادری اور دیگر لیڈران موجود تھے۔
ساگر نے کہا کہ پنڈتوں کے بغیر کشمیر ادھورا ہے اور پنڈت برادری کشمیری سماج کے اہم حصہ ہیں۔ نیشنل کانفرنس نے ہر بار حکومت میں آکر پنڈتوں کی راحت رسانی کا کام کیا۔