سرینگر (جموں و کشمیر) :’’جموں و کشمیر کے طول و ارض میں پنچایتی راج نمائندگان جموری نظام کو مضبوط بنانے کی ہر ممکن کوشش کر رہے ہیں۔ انتظامیہ کو چاہئے کہ اسمبلی انتخابات منعقد کرانے کے بجائے پنچایتی راج اداروں کو مضبوط بنائے اور پی آر آئی نمائندوں کو با اختیار بنایا جائے۔‘‘ ان باتوں کا اظہار جموں و کشمیر پنچایت کانفرنس کے چیئرمین انیل شرما نے پریس کانفرنس کے دوران کیا۔
سرینگر میں انیل شرما نے پنچایتی اور بلدیاتی اداروں کو مضبوط بنانے کی وکالت کرتے ہوئے دعویٰ کیا: ’’گزشتہ کچھ برسوں کے دوران پنچ، سرپنچ صاحبان اور ڈی ڈی سی ممبران نے گاؤں گاؤں جاکر زمینی سطح پر عوام کی خدمت کرکے قابل فخر کام کارنامے انجام دیے ہیں۔ جو گزشتہ منتخب اسمبلی ممبران گزشتہ 70 برسوں کے دوران انجام نہ دے سکے۔‘‘ شرما نے مقامی سیاسی جماعتوں کی سخت نکتہ چینی کرتے ہوئے الزام عائد کیا: ’’ان مقامی اور موروثی سیاسی جماعتوں نے صرف اپنی جیب بھرنے کا کام کیا ہے جبکہ لوگوں کو بنیادی سہولیات فراہم کرنے کے حوالہ سے کبھی بھی ٹھوس اور سنجیدہ اقدامات نہیں اٹھائے گئے۔‘‘