سرینگر (جموں و کشمیر): مرکزی وزیر سیاحت جی کشن ریڈی نے ای ٹی وی بھارت کے ساتھ ایک خصوصی بات چیت میں کہا کہ پاکستان کو اپنے ملک کے لوگوں کے بارے میں سوچنا چاہیے کیوں کہ جموں و کشمیر ہمارا ہے اور ہم یہاں کے لوگوں کے بارے میں پازیٹیو سوچ رکھتے ہیں۔ پاکستان میں روزگار نہیں، روٹی نہیں، دہشت گردی ہیں آپ اپنے ملک کے بارے میں سوچیں ہمارے کام میں مداخلت نہ کریں۔انہوں نے کہا کہ ہم جموں و کشمیر کے لوگوں کو روزگار دیں گے ان کے لیے ہر ممکن کام کریں گے۔ سرینگر میں جی 20 سربراہی اجلاس کے موقع پر ای ٹی وی بھارت سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھارت میں سیاحت کے شعبے کو بہتر بنانے کے لیے، ہم بہت سارے ایکشن پلان بنا رہے ہیں۔ اور ایسا کرنے کے لیے بہترین جگہ سرینگر، جموں و کشمیر ہے۔ سب کچھ مثبت سمت میں جا رہا ہے۔ تمام اسٹیک ہولڈرز کی طرف سے مثبت ردعمل سامنے آ رہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بھارت کا نمبر ون فلم سٹی میری ریاست تلنگانہ میں رامو جی فلم سٹی (آر ایف سی ) ہے۔ ایسا ہی فلم سٹی مختلف مقامات پر بننا چاہیے۔ جس سے مقامی لوگوں کو روزگار ملے گا۔ ہم چاہتے ہیں کہ راموجی فلم سٹی کی طرح جموں و کشمیر میں بھی فلم سٹی ہو۔ چین اور پاکستان کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ہم اپنے خطے، اپنے ملک کے بارے میں مثبت سوچ رہے ہیں، پاکستان کو اپنے ملک پر توجہ دینی چاہیے، پاکستان کی حالت خراب ہے، ہمارے پاس اپنے ملک کو چلانے کے لیے سیاستدان اور دیگر اسٹیک ہولڈرز موجود ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں اپنا ملک چلانے کے لیے دہشت گرد تنظیموں یا کسی سے اجازت کی ضرورت نہیں ہے۔ ہمیں اپنے لوگوں اور ہمارے آئین کی حمایت حاصل ہے۔