سرینگر:پیپلز الائنس فار گپکار ڈکلریشن نے جموں و کشمیر انتظامیہ کی جانب سے جامع مسجد سرینگر میں جمعہ الوداع اور شب قدر کی شب بیداری کرنے پر پابندی کی شدید مذمت کی۔ پی اے جی ڈی کے ترجمان محمد یوسف تاریگامی نے الائنس کی جانب سے بیان میں کہا کہ جامع مسجد میں ان اہم عبادات پر پابندی سے ہزاروں مسلمان عبادت کرنے سے محروم رہ سکتے ہیں جب کہ یہ پابندی مسلمانوں کے مذہبی فرائض انجام دینے میں مداخلت ہے۔
پی اے جی ڈی نے انتظامیہ سے گزارش کی ہے کہ وہ اپنا فیصلہ واپس لے تاکہ لوگ اس عبادت گاہ میں عبادت کر سکیں۔ واضح رہے کہ مرکزی جامع مسجد کی انتظامیہ نے کہا ہے کہ گزشتہ روز انتظامیہ کی جانب سے ان کو زبانی حکم دیا گیا کہ جامع مسجد میں جمعتہ الوداع اور شب قدر کی عبادات کی اجازت نہیں ہوگی۔