سرینگر: جموں و کشمیر کے سابق وزیر اعلیٰ اور نیشنل کانفرنس کے نائب صدر عمر عبد اللہ نے منگل کے روز مرکزی حکومت کو اپنی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے سوال کیا کہ خطے میں انتخابات کب ہوں گے۔ سماجی رابطہ کی ویب سائٹ ایکس (ٹویٹر) پر سرینگر کے بخشی اسٹیڈیم کے باہر لوگوں کے ہجوم کا ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ بہت خوب! تو یہی لوگ اسمبلی انتخابات کے لیے پولنگ بوتھوں کے باہر قطار میں کھڑے ہونے کی امید کب کر سکتے ہیں؟
واضح رہے کہ آج سرینگر کے بخشی اسٹیڈیم میں پانچ برسوں کے بعد یوم آزادی کی تقریب منعقد کی گئی، جہاں جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے پرچم کشائی کی اور سلامی لی۔ وہیں دوسری جانب جموں میں یوم آزادی کی تقریب میں ایل جی کے مشیر نے قومی جھنڈا لہرایا اور سلامی لی۔ بخشی اسٹیڈیم میں پولیس، سی آر پی ایف، آئی ٹی بی پی اور دیگر نیم فوجی دستوں، فائر اینڈ ایمرجنسی سروسز اور این سی سی کیڈیٹوں کے علاوہ اسکولی بچوں نے حصہ لیا۔ تقریب میں مختلف ثقافتی پروگرام بھی پیش کیے گئے۔