سرینگر:جموں کشمیر کے سابق وزیر اعلیٰ اور نیشنل کانفرنس کے نائب صدر عمر عبد اللہ نے کہا کہ جن تین ریاستوں میں بی جے پی کی اسمبلی انتخابات میں جیت ہوئی ہے ان میں انڈیا الائنس کی ناکامی نہیں ہے بلکہ کانگریس کی ناکامی ہے کیونکہ ان انتخابات میں ہر انڈیا الائنس کے شرکاء علیحدہ انتخابات لڑ رہے تھے۔ عمر عبداللہ نے کہا کہ ان انتخابات میں کانگریس نے غلطی یہ کی کہ انڈیا الائنس کے ساتھ انہوں نے انتخابات نہیں لڑے اور انڈیا الائنس کے کچھ لیڈران نے انتخابات کے دوران غلط بیانی کی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ان انتخابات میں کانگریس کی ہار ہوئی ہے نہ کہ انڈیا الائنس کی۔
یاد رہے کہ اتوار کو چار ریاستوں میں ہوئے اسمبلی انتخابات کے ووٹوں کی گنتی کی گئی جس میں سے بی جے پی نے تین ریاستوں بشمول راجستھان، چھتیس گڑھ اور مدھیہ پردیش میں کانگریس کو ہرایا، تاہم کانگریس نے تلنگانہ میں انتخابات میں جیت درج کی۔ ان انتخابات کے دوران تمل ناڈو کے لیڈر وزیر اعلیٰ ایم کے سٹالن کے فرزند نے ’’سناتن دھرم‘‘ پر متنازعہ بیان دیا جس پر بی جے پی نے کانگریس اور انڈیا الائنس کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔ غور طلب ہے کہ ایم کے سٹائلن کی سیاسی جماعت ڈی ایم کے ’’انڈیا الائنس‘‘ کا حصہ ہے۔