رواں برس کے اپریل مہینے کے بعد اب گزشتہ چند دنوں سے جھیل ڈل میں سیاحوں کی چہل پہل پھر سے دیکھنے کو مل رہی ہے۔ امسال وادی کشمیر میں سیاحتی سیزن شروع ہی ہوا تھا کہ اپریل مہینے میں اچانک کورونا وائرس کی دوسری لہر کی شدت نے معاملات زندگی پھر سے ٹھپ کر دیے اور کورونا لاک ڈاون کی وجہ سب کچھ ویران اور سنسان پڑ گیا تھا۔
سیاحوں کی آمد تھم جانے سے جھیل ڈل بھی ویرانی کا منظر پیش کر رہا تھا۔ اور سیاحتی صنعت سے وابستہ افراد ہاتھ پر ہاتھ دھرے بھیٹے تھے۔ لیکن اب کورونا وائرس کی دوسری لہر کمزور پڑنے کے ساتھ ہی سیاح وادی کشمیر کی مختلف جگہوں کی سیر کے لیے سرینگر پہنچ رہے ہیں۔ جہاں آج کل سیاحوں کو پہلگام، گلمرگ اور دیگر سیاحتی مقامات پر سیر و تفریحی کرتے ہوئے دیکھا جا رہا ہے وہیں شہر آفاق جھیل ڈل بھی سیاحوں کی آمد سے کھل اٹھا ہے۔ ڈل کے کنارے پر سیاحوں کی چہل پہل سے رونق پھر سے لوٹ آئی ہے۔ سیاح ان پُر کیف اور پُر مسرت نظاروں کا خوب لطف اٹھاتے دیکھے جا سکتے ہیں۔
سیاح بے حد خوش نظر آ رہے ہیں اور یہ کورونا وائرس کی پریشانیوں سے دور راحت کے چند لمحات یہاں گزارنے کے ساتھ ساتھ دوسروں کو بھی کشمیر کی سیر پر آنے کا مشورہ دے رہے ہیں۔