اردو

urdu

ETV Bharat / state

بجلی بحران کے بیچ محکمہ بجلی نے کی صارفین کو تنبیہ - kashmir pdd nocturnal patrol

محکمہ بجلی نے صارفین کو بجلی کی چوری خاص طور پر ہوکنگ (Hooking) سے پرہیز کرنے کی اپیل کرتے ہوئے اس مسئلے سے نمٹنے کے لیے شبانہ پہرہ شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔

a
a

By ETV Bharat Urdu Team

Published : Nov 23, 2023, 2:11 PM IST

سرینگر (جموں کشمیر) :وادی کشمیر میں شدید سردی کے بیچ جہاں بجلی کٹوتی سے بحرانی صورتحال پیدا ہوئی ہے وہیں جموں کشمیر لیفٹیننٹ گورنر انتظامیہ نے صارفین کو بجلی چوری کرنے سے اجتناب کرنے کی وارننگ دی ہے۔ کشمیر پاور ڈسٹریبیوشن کارپوریشن لمیٹڈ (کے پی ڈی سی ایل) نے کہا ہے کہ بجلی کی کٹوتی کی وجہ اوور لوڈنگ ہے کیونکہ لوگ بجلی چوری کر رہے ہیں اور صارفین شام ہوتے ہی بجلی کی ترسیلی لائنز پر ہکنگ (Hooking) کر رہے ہیں۔

کے پی ڈی سی ایل کے ایک ترجمان نے بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ بجلی کے ملازمین وادی میں بجلی چوری اور ہکنگ کو روکنے کے لیے شبانہ پہرے کریں گے اور کسی بھی صارف کی جانب سے بجلی چوری اور ہکنگ پر قانونی طور کارروائی کی جائے گی جبکہ ان پر جرمانہ بھی عائد کیا جائے گا۔ غور طلب ہے کہ وادی کشمیر میں گزشتہ تین ہفتوں سے بجلی بحران پیدا ہوا ہے اور سرما کے منفی درجہ حرارت اور کہرے کے بیچ لوگوں کو بجلی کی عدم دستیابی سے شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

بجلی کی عدم دستیابی سے جہاں عام صارفین بھی پریشان ہیں وہیں شعبہ صنعت بھی بجلی کی عدم دستیابی سے خسارے میں ڈوبتی جا رہی ہے۔ بجلی کی عدم دستیابی سے کشمیر میں مجموعی طور پر شعبہ صنعت اور بجلی پر کام کرنے والے مزدور نقصان سے دوچار ہو رہے ہیں۔ وادی کی سیاسی جماعتوں بشمول نیشنل کانفرنس، پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی اور کانگریس انتظامیہ کی شدید تنقید کر رہے ہیں۔ ان کا مطالبہ ہے کہ انتظامیہ نجی کمپنیوں سے اضافی بجلی خریدے لیکن صارفین کو بجلی فراہم کرے۔

محکمہ بجلی کا کہنا ہے کہ وادی میں ہر روز دو ہزار میگاواٹ بجلی کی ضرورت ہے لیکن محکمہ کے پاس محض بارہ سو میگاواٹ بجلی ہی دستیاب ہے جس کے باعث بجلی کٹوتی کرنی پڑ رہی ہے۔ گزشتہ دنوں بجلی محکمہ کے پرنسپل سیکریٹری ایچ راجیش پرساد نے بجلی نظام کا جائزہ لیا اور متعلقہ افسران کو ہدایت دی کہ بجلی شیڈول کے مطابق فراہم کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ انتظامیہ بجٹ کے حساب سے ہی بجلی خریدے گی اور صارفین کو اسی حساب سے بجلی دستیاب کی جائے گی۔

مزید پڑھیں:Kashmir Power Crisis Prevails: کشمیر میں موسم گرما میں بھی بجلی بحران جاری

انہوں نے مزید کہا کہ بجلی صارفین کو بجلی فیس ادا کرنا چاہئے تاکہ سرکار کے پاس بجلی خریدنے کے لئے رقم دستیاب رہے۔ واضح رہے کہ جموں کشمیر کے لیفٹنٹ گورنر منوج سنہا نے متعدد بار کہا کہ وادی کشمیر میں صارفین بجلی فیس ادا نہیں کر رہے ہیں۔بجلی کو معقول طریقے سے استعمال کرنے پر محکمہ بجلی نے سرینگر اور جموں میں ڈیجیڈل میٹر بھی نصب کئے ہیں اور کہا ہے کہ ان علاقوں میں چوبیس گھنٹے بجلی دستیاب رہے گی۔ البتہ ان علاقوں سے بھی لوگ بجلی کٹوتی اور عدم دستیابی کی شکایت کر رہے ہیں۔

ABOUT THE AUTHOR

...view details