سری نگر:جموں وکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے سری نگر میں منعقدہ یونیفائیڈ کمانڈ میٹنگ کے دوران سیکورٹی صورتحال کا مجموعی طور پر جائزہ لیا۔ انہوں نے آفیسران کو ہدایت دی کہ امن و امان میں رخنہ ڈالنے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے جبکہ باقی رہ گئے سرگرم عسکریت پسندوں کو کیفر کردار تک پہنچانے کی خاطر کارڈن اینڈ سرچ آپریشنز میں سرعت لانے کی خاطر خصوصی اقدامات اٹھائے جائیں۔
اطلاعات کے مطابق سری نگر میں لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کی سربراہی میں یونیفائیڈ کمانڈ کی میٹنگ منعقد ہوئی جس میں حفاظتی اداروں اور سراغ رساں ایجنسیوں سے وابستہ سینئر آفیسران نے شرکت کی۔ ذرائع نے بتایا کہ میٹنگ کے دوران منوج سنہا نے ایس او پیز پر سختی کے ساتھ عملدرآمد کرنے پر زور دیا ۔ انہوں نے حالیہ حملوں کے تناظر میں جموں وکشمیر پولیس اہلکاروں کی نقل وحرکت سے متعلق ایڈوائزری کو مزید مستحکم کرنے کی تاکید کی۔
ذرائع نے بتایا کہ اس اعلیٰ سطحی میٹنگ میں ایل جی کے مشیر آر آر بھٹناگر، چیف سیکریٹری ارون کمار مہتا، داخلہ سیکریٹری آ ر کے گوئل، صوبائی کمشنر کشمیر وجے کمار، پولیس چیف آر آر سوین، اے ڈی جی پی وجے کمار ، کور کمانڈر راجیو گھائی ، سپیشل ڈی جی سی آر پی ایف ، آئی جی بی ایس ایف، آئی جی جموں اور خفیہ اداروں سے وابستہ آفیسران بھی موجود تھے۔ باوثوق ذرائع نے بتایا کہ میٹنگ کے دوران نو منتخب پولیس سربراہ آر آر سوین نے پار پوائنٹ پرزنٹیشن کے ذریعے ایل جی منوج سنہا کو جموں وکشمیر کی سیکورٹی صورتحال کے بارے میں جانکاری فراہم کی ۔
انہوں نے بتایا کہ پولیس سربراہ نے حالیہ حملوں میں ملوث ملی ٹینٹوں کے خلاف کارروائی عمل میں لانے کے حوالے سے بھی تفصیل کے ساتھ آگاہی فراہم کی۔ ذرائع نے بتایا کہ میٹنگ کے دوران کور کمانڈر نے پاکستان کے ساتھ لگنے والی سرحدوں کی صورتحال اور دارندازی کے خلاف اٹھائے جارہے اقدامات کے بارے میں پوری تفصیل سے روشناس کیا۔ لیفٹیننٹ گورنر نے سیکورٹی ایجنسیوں کی جانب سے جموں وکشمیر میں امن و قانون کی صورتحال کوبہتر بنانے پر ان کی ستائش کی۔