سرینگر (جموں و کشمیر):جموں و کشمیر انتظامیہ کے عہدیداروں نے پیر کے روز شری امرناتھ یاترا کے دوران پھنسے ہوئے کرناٹک یاتریوں سے متعلق رپورٹوں کو 'آدھا سچ اور سیاسی طور مائل' قرار دیا۔ شری امرناتھ یاترا 2023 کے نوڈل آفیسر، ڈاکٹر پیوش سنگلا نے ای ٹی وی بھارت کے ساتھ فون پر بات کرتے ہوئے کہا کہ 'خراب موسم کی وجہ سے جمعہ سے معطل رہنے کے بعد یاترا گذشتہ شام پھر سے شروع ہوئی۔ جب یاترا کو معطل کیا گیا تو تمام یاتریوں کو محفوظ مقامات پر رکھا گیا تھا۔'
نوڈل آفیسر نے مزید کہا کہ 'مجھے کسی یاتری کے ٹریک پر پھنسے ہونے، یا سرینگر سمیت کسی بھی دوسرے محفوظ مقام پر ہیلی کاپٹر سے لے جانے کے بارے میں کوئی علم نہیں ہے۔' قبل ازیں، کچھ قومی روزناموں نے خبر شائع کی تھی کہ ریاست کرناٹک کے 100 سے زائد یاتری اتوار کو امرناتھ یاترا کے دوران جنوبی کشمیر کے پنچترنی بیس کیمپ میں پھنسے ہوئے تھے اور بعد میں انہیں ہیلی کاپٹر سے نیلا گرتھ پہنچایا گیا تھا اور توقع ہے کہ وہ پیر کی دوپہر تک کرناٹک پہنچ جائیں گے۔
روزناموں نے، کرناٹک سرکار کے ایک بیان کی بنیاد پر، یہ بھی دعویٰ کیا کہ 'حکومت نے تین افسران کی ایک ٹیم تعینات کی ہے - پوملا سنیل کمار، کمشنر، کے ایس ڈی ایم اے، یتیش چندر، ڈی سی پی - کرائم، بنگلورو سٹی پولیس اور کنشک، آئی اے ایس پروبیشنر کو کرناٹک سے تعلق رکھنے والے یاتریوں کی ہموار نقل و حرکت کو یقینی بنانے کے لیے سرینگر روانہ کیا گیا ہے۔' تاہم، جموں و کشمیر انتظامیہ کے حکام اس پیش رفت سے واقف نہیں ہیں۔