سرینگر:جموں و کشمیر ریاستی کانگریس کے نو منتخب صدر وقار رسول وانی نے کہا کہ بحثیت صدر وہ ریاستی کانگریس کمیٹی کو تمام سینیئر رہنماؤں کے تعاون سے مضبوط بنانے کی کوشش کریں گے۔ پارٹی ہائی کمان نے جس اعتماد کا اظہار کیا ہے اور ان کو جو ذمہ داری دی گئی ہے، وہ اس پر کھرا اترنے کی کوشش کریں گے۔ وقار رسول وانی نے ان باتوں کا اظہار سرینگر میں واقع ریاستی کانگریس کمیٹی کے مرکزی دفتر میں آنجہانی راجیو گاندھی کی سالگرہ کے موقع پر کیا۔
انہوں نے کہا کہ پارٹی میں سب کچھ ٹھیک ہے اور کسی بھی کانگریس رہنما نے پارٹی کی بنیادی رکنیت سے استعفی نہیں دیا ہے۔ البتہ چند رہنماؤں نے پارٹی کمیٹوں سے اپنا استعفیٰ پیش کیا ہے۔ وقار رسول وانی نے کہا کہ جموں و کشمیر کانگریس کے سبھی رہنماؤں کے سے بات چیت کر کے تمام گلے شکوے اور معاملات کو سلجھایا لیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر پردیش کانگریس کے سبھی رہنماؤں کے ساتھ مل کر کام کرنا ہے اور اگر ایسے میں کسی بھی کارکن یا کسی بھی رہنما کی کوئی شکایت ہوگی تو جموں و کشمیر کی انچارج رجنی پاٹل کے ساتھ مل بیٹھ کر معاملات کو سجھایا جائے گا۔
اس موقع پر جموں و کشمیر کی انچارج رجنی پاٹل نے کہا کہ آئندہ اسمبلی انتخابات میں بی جے ہی کی جانب سے غیر مقامی باشندوں کو ووٹر فہرست میں شامل کرنے اور ووٹ دینے کا حق فراہم کرنے کے خلاف کانگریس پی آئی ایل دائرے کرے گی جب کہ انتخابی ایکٹ کی خلاف ورزی پر بھی کانگریس مفاد عامہ درخواست دائر کرنے جا رہی ہے۔ رجنی پاٹل نے کہا کہ ڈاکٹر فاروق عبداللہ کی جانب سے بلائی گئی آل پارٹی میٹنگ میں کانگریس شرکت کرنے جارہی ہے، جس میں اس معاملے کے تعلق سے تفصیل سے بات کر کے آئندہ کا لاحہ عمل طے کیا جائے گا۔