جموں و کشمیر یونین ٹریٹری کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے پانچ اگست کو ایک اہم دن قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ برسہا برس کی علیحدگی کے بعد جموں و کشمیر مین اسٹریم میں شامل ہوگیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ لوگوں کی جائز شکایات کو سنا جائے گا اور انہیں حل کرنے کی کوشش کی جائے گی۔
موصوف لیفٹیننٹ گورنر نے ان باتوں کا اظہار جمعہ کے روز راج بھون میں اپنی حلف برداری کی تقریب کے حاشئے پر میڈیا کے ساتھ کیا۔
انہوں نے کہا: 'کشمیر بھارت کے لئے جنت کی حیثیت رکھتا ہے، مجھے یہاں اپنا رول ادا کرنے کا موقع نصیب ہوا ہے۔ پانچ اگست ایک اہم دن ہے، سالہا سال کی علیحدگی کے بعد جموں وکشمیر مین اسٹریم میں شامل ہوا ہے'۔
ان کا کہنا تھا کہ برسوں کے بعد یہاں کئی پروجیکٹس شروع کئے گئے ہیں اور میں ترجیحی بنیادوں پر ان پرجیکٹوں کو آگے لے جاؤں گا۔
منوج سنہا نے کہا کہ یہاں کسی کے ساتھ بھی کوئی تعصب نہیں برتا جائے گا بلکہ آئینی اختیارات کو لوگوں کی بہبودی کے لئے استعمال کیا جائے گا۔