سرینگر: ملک کے کچھ حصوں میں کورونا کیسز میں درج ہو رہے اضافے کے پیش نظر شیر کشمیر انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (سکمز) صورہ سرینگر کے ڈائریکٹر ڈاکٹر پرویز احمد کول نے لوگوں سے گھبرانے کے بجائے ہوشیار رہنے کی تاکید کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ صورت حال تشویش ناک نہیں ہے لیکن کورونا پروٹوکال کو نظر انداز کرنے سے صورتحال خراب ہوسکتی ہے۔
موصوف ڈائریکٹر نے پیر کو اپنے ایک بیان میں کہا کہ ’صورتحال تشویش ناک نہیں ہے کیونکہ مثبت معاملوں کی شرح ابھی اس قدر زیادہ نہیں ہے جس کی وجہ سے تشویش میں مبتلا ہوا جائے، البتہ کورونا گائیڈ لائنز کو نظر انداز کرنے سے صورتحال بگڑ سکتی ہے‘۔ انہوں نے ملک کے کچھ حصوں میں کورونا کیسز میں ہو رہے اضافے کے پیش نظر لوگوں کو احتیاط برتنے کی تاکید کرتے ہوئے کہا کہ کورونا کیسز میں درج ہو رہا اضافہ ہمیں احتیاطی تدابیر پر عمل پیرا ہونے کی دعوت دے رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمیں اس وبا کو دور رکھنے کے لیے ماسک لگانے اور ہاتھوں کو بار بار دھونے کی ضرورت ہے۔ ڈاکٹر پرویز احمد کول نے کہا کہ یونیورسٹی آف واشنگٹن کے ماڈلنگ اسٹیڈیز کے آئی ایچ ایم ای جیسے معتبر ادارے جموں و کشمیر اور لداخ یونین ٹریٹریوں میں مستقبل میں کورونا کی کسی بھی تازہ لہر کی پیش گوئی نہیں کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ’تاہم کورونا سے بچنے کے لیے گائیڈ لائنز پر عمل در آمد ضروری ہے‘۔