سرینگر:مرکزی وزیر مملکت برائے داخلہ نتیانند رائے نے منگل کے روز کہا کہ جموں و کشمیر میں اس سال جون کے آخر تک کوئی بھی دراندازی نہیں ہوئی ہے۔ایک تحریری سوال کا جواب میں وزیر نے کہا کہ 30 جون 2023 تک مرکز کے زیر انتظام علاقے میں دراندازی صفر، جبکہ 2022 میں 14، 2021 میں 34، 2020 میں 51 اور 2019 میں 141 ہوئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ سرحد پار سے ہونے والی دراندازی سے نمٹنے کے لیے مرکزی سرکار کی طرف سے اقدامات کیے گئے ہیں تاکہ دراندازی کی کوششوں میں کمی کو یقینی بنایا جاسکے۔انہوں نے کہا کہ مرکزی سرکار نے سرحد پار سے دراندازی سے نمٹنے کے لیے ایک مربوط اور کثیر الجہتی حکمت عملی اپنائی ہے۔اس کے علاوہ بین الاقوامی سرحد اور لائن آف کنٹرول پر افواج کی حکمت عملی سے تعیناتی، نگرانی کے کیمرے، نائٹ ویژن کیمروں، ہیٹ سینسنگ گیجٹس، وغیرہ جیسی ٹیکنالوجی کے استعمال سے ان معاملات میں کمی آئی ہے۔