جموں و کشمیر میں حال ہی میں قائم کیے گئے ضلع ترقیاتی کونسل حلقوں پر اسٹیٹ الیکشن کمشنر نے انتخابات منعقد کرانے کا فیصلہ کیا ہے. اس سطح کے انتخابات جموں و کشمیر میں پہلی مرتبہ منعقد کیے جارہے ہیں-
اس عمل پر مین اسٹریم سیاسی جماعتوں نے اپنا ردعمل پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کو انتخابات سے انکار نہیں ہے کیونکہ یہ جمہوری عمل کا اہم حصہ ہے، لیکن لوگوں کی شرکت کے لیے مرکزی سرکار کو عوام کو اعتماد میں لینا چاہیے اور اس کے لئے پانچ اگست سے لیے جانے والے متعدد فیصلے واپس لینے کی ضرورت ہے۔
ای ٹی وی بھارت سے بات کرتے ہوئے جموں کشمیر پردیش کانگریس کمیٹی کے ترجمان سریندر سنگھ چھنی نے بتایا کہ کانگریس ان انتخابات میں ضرور حصہ لے گی اور آنے والے دونوں میں اس کے لئے لائحہ عمل مرتب کرے گی-
وہیں جموں و کشمیر اپنی پارٹی کے ترجمان منتظر محی الدین نے بتایا کہ آنے والے دنوں میں وہ بھی ان انتخابات کے متعلق میٹنگ منعقد کر رہے ہیں۔
17 اکتوبر کو مرکزی وزارت داخلہ نے جموں و کشمیر پنچایت راج ایکٹ میں ترمیم کر کے ضلع ترقیاتی کونسل کا اعلان کیا تھا اور کہا تھا کہ ان کونسلز میں انتخابات کے ذریعے ممبران منتخب ہوں گے-