سرینگر:سرینگر سمیت وادی کشمیر کے بیشتر مقامات پر آج صبح سے ہی برف باری کا سلسلہ شروع ہوا ہےجو دیر تک جاری رہا۔ محکمہ موسمیات نے آئندہ چند گھنٹوں میں کسی بڑی برفباری کے امکان کو مسترد کیا۔
محکمہ موسمیات کے ڈپٹی ڈائریکٹر ڈاکٹر مختار احمد نے ای ٹی وی بھارت کے نمائندے پرویز الدین سے فون پر بات کرتے ہوئے کہا کہ میدانی علاقوں میں بارشوں اور برفباری کے تھمنے کے امکانات ہیں، جبکہ بالائی علاقوں میں 5 سے 6 گھنٹے کے دوران یہ برف باری کا سلسلہ رک جائے گا ۔انہوں نے کہا کہہ 14 سے 18 جنوری تک موسم زیادہ تر خشک رہنے کی توقع ہے، تاہم 19 سے 20 جنوری تک ایک مرتبہ پھر سے بارش اور برفباری کے امکانات ہیں۔
مختار احمد نے کہا کہ گلمرگ میں جمعہ کی صبح ساڑے 8 بجے تک 6 سینٹی میٹر برف ریکارڈ کی گئی ،کپوارہ میں 5 سینٹی میٹرجبکہ قاضی گنڈ میں 3 اور پہلگام میں 3.5 سینٹی میٹر برف باری درج کی گئی ہے۔
موصولہ اطلاعات کے مطابق وادی کے بیشتر حصوں میں برف باری کا سلسلہ وقفہ وقفہ سے جاری ہے۔ گرمائی راجدھانی میں ایک انچ سے زیادہ برف جمع ہوگئی ہے جبکہ دوردراز اور بالائی علاقوں میں دو سے چار فٹ برف جمع ہوگئی ہے۔