سرینگر (جموں کشمیر) :میرواعظ کشمیر ڈاکٹر مولوی محمد عمر فاروق کی زیر قیادت مذہبی تنظیموں کے اتحاد - متحدہ مجلس علماء جموں و کشمیر - نے نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی (این آئی ٹی) میں زیر تعلیم ایک طالب علم کی جانب سے پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے خلاف توہین آمیز ریمارکس کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے ’’ناقابل قبول‘‘ قرار دیا۔
بیان میں مجلس علماء کے سرکردہ اراکین نے کہا ہے کہ ’’حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کی تعظیم و تکریم ایک مسلمان کو اس کی جان سے بھی زیادہ عزیز ہے اور اس طرح کے گستاخانہ بیانات کو وادی کے مسلمان ہرگز برداشت نہیں کریں گے۔‘‘ مجلس علماء نے اس واقعے کا سنجیدگی سے نوٹس لیتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ ’’یہ واقعہ کیسے اور کیوں پیش آیا اس کی مکمل تحقیقات کرائی جائے اور جو لوگ ملوث ہوں ان کو قانون کے کٹہرے میں لایا جانا چاہئے۔‘‘ مجلس علما ء نے امید ظاہر کی ہے کہ حکام اس گستاخی پر سنجیدگی سے غور کریں گے اور مستقبل میں ایسے واقعات کو روکنے کے لیے سنجیدہ کوششیں بھی بروئے کار لائی جائیں گی۔