سری نگر:پولیس نے سری نگر کے پارمپورہ علاقے میں کار میں سوار ایک کنبے کو مبینہ ہراساں کرنے اور ان پر حملہ کرنے کے الزام میں 9 نوجوانوں کو گرفتار کیا ہے۔ پولیس نے اپنے ایک ٹویٹ میں جانکاری فراہم کرتے ہوئے کہا 'سری نگر پولیس نے ایک ویڈیو کا نوٹس لیا جس میں بائیک پر سوار نوجوانوں کے ایک گروپ کو سڑک پر ایک کنبے کو ہراساں کرتے ہوئے اور ان پر حملہ کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے'۔ ٹویٹ میں کہا گیا: 'اس سلسلے میں ایس ڈی پی او ویسٹ اور ایس ایچ او پارمپورہ کی قیادت میں پولیس کی ٹیموں نے شبانہ چھاپے مارے'۔
پولیس ٹویٹ میں مزید کہا گیا 'تمام نو ملزموں کو گرفتار کیا گیا اور چار بائکس بھی ضبط کی گئیں'۔ پولیس نے بتایا کہ اس ضمن میں پولیس اسٹیشن پارمپورہ میں ایک کیس درج کیا گیا۔ واضح رہے کہ مارچ کے شروعات میں آر ٹی او کشمیر نے لڑکیوں کو ہراساں کرنے والوں کے خلاف سخت قدم اٹھانے کی بات کہی تھی۔ آر ٹی او کشمیر سید شہنواز نے لڑکیوں کو ہراساں کرنے کے خلاف مہم شروع کرنے کی بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ 'ایسے افراد کی نہ صرف لائسنسز معطل کی جائیں گی بلکہ ان کی گاڑیوں کی رجسٹریشن کو بھی منسوخ کیا جائے گا۔ آر ٹی او کشمیر سید شہنواز نے مزید کہا تھا کہ دوشیزاوں کو تنگ طلب کرنے اور اُن پر فقرے کسنے والوں کے خلاف پولیس کارروائی کر رہی ہے لیکن اس حوالے سے بیداری مہم بھی شروع کرنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ اساتذہ اور والدین پر خاص ذمہ داری ہے کہ وہ طلبا اور بچوں کو اس بارے میں آگاہی فراہم کریں۔