سری نگر:وادی کشمیر میں برف و باراں کے بعد بارشوں میں کمی واقع ہونے کے بیچ شبانہ درجہ حرارت ایک بار پھر معمول سے نیچے درج ہوا ہے۔ محکمہ موسمیات کے ایک ترجمان کے مطابق وادی میں اگلے چوبیس گھنٹوں کے دوران گرج چمک کے ساتھ کہیں کہیں ہلکی بارشوں کا امکان ہے۔ انہوں نے کہا کہ بعد ازاں وادی میں اگلے دو دنوں کے دوران موسم خشک رہ سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سری نگر میں گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 0.7 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے جبکہ قاضی گنڈ میں 14.6 ملی میٹر، پہلگام میں 9.0 ملی میٹر، گلمرگ میں 8.6 ملی میٹراور کو کرناگ میں 3.2 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے۔
ادھر خراب موسمی حالات کے بیچ وادی میں شبانہ درجہ حرارت معمول سے نیچے درج ہوا ہے۔ گرمائی دارلحکومت سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت 6.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے2.7 ڈگری سینٹی گریڈ کم ریکارڈ ہوا تھا۔ وادی کے شہرہ آفاق سیاحتی مقام گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 1.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے 4.3 ڈگری سینٹی گریڈ کم ریکارڈ ہوا تھا۔ وادی کے دوسرے سیاحتی مقام پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت 3.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے0.5 ڈگری سینٹی گریڈ کم ریکارڈ ہوا تھا۔