سری نگر:وادی کشمیر میں خشک موسم کے بیچ شبانہ درجہ حرارت مسلسل معمول سے کم درج ہو رہا ہے۔ ادھر محکمہ موسمیات کے ایک ترجمان کے مطابق وادی میں 7 جون تک موسم مجموعی طور پر خشک رہنے کا امکان ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس دوران بعد دوپہر کو کہیں کہیں 30 سے 40 فیصد بارشیں متوقع ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بعد ازاں وادی میں 8 سے 12 جون تک موسم خشک رہنے کا ہی امکان ہے تاہم اس دوران بھی کہیں کہیں گرج چمک کے ساتھ بوندا باندی ہونے کا امکان ہے۔ ترجمان نے بتایا کہ وادی کے درجہ حرارت میں بتدریج اضافہ درج ہوگا اور گرمی بھی ہر گذرتے دن کے ساتھ بھی بڑھ جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ گرمائی دارلحکومت سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت 11.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے2.2 ڈگری سینٹی گریڈ کم ریکارڈ ہوا تھا۔
وادی کے شہرہ آفاق سیاحتی مقام گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت 5.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے1.5 ڈگری سینٹی گریڈ کم ریکارڈ ہوا تھا۔ وادی کے دوسرے مشہور سیاحتی مقام پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت 5.9 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے1.1 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔ سرحدی ضلع کپوارہ میں کم سے کم درجہ حرارت 9.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے2.5 ڈگری سینٹی گریڈ کم ریکارڈ ہوا تھا۔ گیٹ وے آف کشمیر کے نام سے مشہور قصبہ قاضی گنڈ میں کم سے کم درجہ حرارت9.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے 2.8 ڈگری سینٹی گریڈ کم ریکارڈ ہوا تھا۔ لداخ یونین ٹریٹری کے ضلع لیہہ میں کم سے کم درجہ حرارت 5.0 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ ضلع کرگل میں کم سے کم درجہ حرارت9.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔