سرینگر:وادی کشمیر میں اگلے چوبیس گھنٹوں کے دوران برف و باراں کی پیش گوئی کے بیچ بیشتر مقامات پر شبانہ درجہ حرارت نقطہ انجماد سے اوپر ریکارڈ ہوا ہے۔ محکمہ موسمیات کے ایک ترجمان کے مطابق وادی کشمیر میں اگلے چوبیس گھنٹوں کے دوران کہیں کہیں ہلکی برف باری یا بارشوں کا امکان ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بعد ازاں وادی میں 29 اور 30 نومبر کو گرج چمک کے ساتھ ہلکی سے درمیانی درجے کی برف باری یا بارشوں کا بھی امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے وادی کشمیر میں یکم دسمبر سے 6 دسمبر تک موسم ابر آلود مگر خشک رہنے کی بھی توقع ظاہر کی ہے۔ دریں اثناء، وادی میں مطلع ابر آلود رہنے کے سبب شبانہ درجہ حرارت نقطہ انجماد سے اوپر درج ہوا ہے۔ سرینگر میں کم سے کم درجہ حرارت 3.9 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گزشتہ شب کا درجہ حرارت3.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔