سرینگر: تازہ برف باری کے بعد مطلع ابر آلود رہنے سے وادی کشمیر کے بیشترع علاقوں میں شبانہ درجہ حرارت میں مزید بہتری واقع ہوئی ہے جس سے لوگوں کو ٹھٹھرتی سردیوں سے کسی حد تک راحت نصیب ہوئی ہے۔ ادھر محکمہ موسمیات کی پیش گوئی عین مطابق جمعرات کی سہہ پہر سے وادی گیر برف باری ہوئی اور گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران سرحدی ضلع کپوارہ میں سب سے زیادہ 20 سینٹی میٹر (7.87 انچ) برف جمع ہوئی جبکہ اس مدت کے دوران سیاحتی مقام گلمرگ میں16.5 سینٹی میٹر، قاضی گنڈ میں 15.0 سینٹی میٹر، پہلگام میں 10.0 سینٹی میٹر اور سری نگر میں 3.0 سینٹی میٹر برف جمع ہوئی ہے۔ snowfall in Jammu And Kashmir
تازہ برف باری کے بعد مطلع ابر آلود رہنے سے وادی کے بیشتر مقامات پر شبانہ درجہ حرارت میں بہتری واقع ہوئی ہے۔ گرمائی دارلحکومت سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت منفی0.3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت منفی3.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔ سری نگر میں 25 دسمبر کو رواں سیزن کی اب تک سرد ترین رات ریکارڈ ہوئی تھی جب کم سے کم درجہ حرارت منفی5.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔ وادی کے شہرہ آفاق سیاحتی مقام گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 5.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت منفی4.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
وادی کے دوسرے مشہور سیاحتی مقام پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت منفی4.9 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت منفی4.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔ سرحدی ضلع کپوارہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی0.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت منفی3.3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔ گیٹ وے آف کشمیر کے نام سے مشہور قصبہ قاضی گنڈ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی2.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت منفی3.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔