سری نگر:وادی کشمیر میں موسمی صورتحال مسلسل دگرگوں ہے جو کسانوں کے لئے پریشانی کا باعث بن گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے ایک ترجمان کے مطابق وادی میں اگلے چوبیس گھنٹوں کے دوران موسم ابر آلود رہ سکتا ہے اور اس دوران کہیں کہیں گرج چمک کے ساتھ رک رک کر بارشیں بھی ہوسکتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس دوران وادی میں کہیں کہیں ژالہ باری بھی ہو سکتی ہے اور کچھ علاقوں میں تیز ہوائیں بھی چل سکتی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وادی میں 29 مئی موسم مجموعی طور پر خشک رہنے کا امکان ہے تاہم بعد ازاں 31 مئی تک ایک بار پھر رک رک کر بارشیں متوقع ہیں اور اس دوران کہیں کہیں ژالہ باری بھی ہوسکتی ہیں اور تیز ہوائوں کے چلنے کا بھی امکان ہے۔
ادھر وادی میں ناساز گار موسمی حالات کے بیچ شبانہ درجہ حرارت معمول سے کم ریکارڈ ہوا ہے۔ گرمائی دالرحکومت سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت 9.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے 3.0 ڈگری سینٹی گریڈ کم ریکارڈ ہوا تھا۔ وادی کے عالمی شہرت یافتہ سیاحتی مقام گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت 1.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے5.9 ڈگری سینٹی گریڈ کم ریکارڈ ہوا تھا۔ وادی کے دوسرے مشہور سیاحتی مقام پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت 2.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے3.3 ڈگری سینٹی گریڈ کم ریکارڈ ہوا تھا۔