سری نگر: جماعت اسلامی (جے ای آئی) سے منسلک عسکریت پسندی کی فنڈنگ کیس کے سلسلے میں جمعرات کو جموں و کشمیر کے 16 مقامات پر قومی تحقیقاتی ایجنسی (این آئی اے) کے چھاپے جاری ہیں۔کشتواڑ میں پانچ اور بارہمولہ میں 11 مقامات پر تلاشی جاری ہے۔ تازہ ترین کریک ڈاؤن 2 مئی کو پاکستان کی حمایت یافتہ دہشت گردانہ سازش کیس کی تحقیقات کے لیے جموں و کشمیر میں 12 مقامات پر چھاپے مارے جانے کے دو دن بعد عمل میں آیا۔
این آئی اے کے ذرائع کے مطابق یہ الزام لگایا گیا ہے کہ جے ای آئی چیریٹی کے نام سے جمع ہونے والی رقم لشکر طیبہ اور حزب المجاہدین جیسی تنظیموں کو کشمیر میں عسکریت پسندانہ حملے کرنے کے لیے دی جا رہی ہیں۔ مرکزی تحقیقاتی ایجنسی نے چند افراد کو حراست میں بھی لیا ہے، جن سے فی الحال پوچھ گچھ کی جا رہی ہے۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ این آئی اے کئی مشکوک دستاویزات کی بھی جانچ کر رہی ہے۔ این آئی اے نے الزام عائد کیا کہ وادی کشمیر میں سرگرم عسکریت پسندوں کو ڈرون کے ذریعہ ہتھیار، بم، منشیات وغیرہ ہندوستانی سرزمین میں بھیجے جارہے ہیں۔