تفصیلات کے مطابق 13 جولائی 1931 کے شہداء کو یاد کرتے ہوئے نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے انہیں شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا ہے۔
ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے اپنے ایک بیان میں نے کہا ہے کہ شہدائے کشمیر کی دی ہوئی قربانیوں کی روشنی میں ہمیں اپنے مستقبل کے لیے عزم ایثار اور بے لوث خدمت کا اعلیٰ معیار قائم کرنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ آزادی سے قبل شخصی راج کے خلاف جدجہد میں عوام نے بے پناہ ہمت اور جوانمردی کا مظاہرہ کیا تھا اور یہ قربانیاں اُسی جذبے کی علامت ہیں اور یہ تاریخ کشمیر کا ایک عظیم ورثہ ہیں۔
ڈاکٹر فاروق نے کہا کہ 13 جولائی 1931 کے شہداء کے خون کا ایک ایک قطرہ ہماری خودداری، آزادی اور آبرو کا ضامن ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے "یہ خون ہم پر ایک قرض ہے۔ شہیدوں نے ہماری راہوں کو آسان بنادیا تھا اور ہماری تنظیم نیشنل کانفرنس اِن ہی قربانیوں کی پیداوار ہے اور اِس تنظیم کے جھنڈے تلے یہاں کے عوام قربانیوں کے اِس مسلسل عمل کو جاری رکھے ہوئے ہیں۔ آج جب ہماری قوم کے سامنے ڈھیر سارے مسائل نئی شکل وصورت میں ظاہر ہوگئے ہیں۔ ہمیں اِن مسائل سے نپٹنے میں انتہائی سوجھ بوجھ، عزم واستقلال اور جوانمردی سے کام لینے کی ضرورت ہے۔"ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے اپنے اس بیان میں مزید کہا کہ جموں و کشمیر کےعوام کو مل جھل کراپنے شہیدوں کے چھوڑے ہوئے نقوش اور مشن کو اپنی نظروں کے سامنے رکھنے کی ضرورت ہے تاکہ اس قوم کو درپیش مسائل و مصائب اور اور مشکلات سے نجات مل سکے-ادھر نیشنل کانفرنس کے نائب صدر عمر عبداللہ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ 13 جولائی کے شہیدوں کی قربانیوں کی وجہ سے ہی جموں وکشمیر کے عوام کو جمہوری حقوق نصیب ہوئے ہیں۔ اُن کی ترقی کے لیے نئی راہیں کھل گئی ہیں۔
اُنہوں نے اپنے بیان میں کہا " میں جموں و کشمیر کے عوام سے تاکید کرتا ہوں کہ وہ شہیدوں کی امانت جموں وکشمیر نیشنل کانفرنس کو مضبوط ومستحکم کریں" پارٹی جنرل سکریٹری علی محمد ساگر اور معاون جنرل سکریٹری ڈاکٹر شیخ مصطفےٰ کمال نے بھی یوم شہیدا کشمیر کے موقعہ پر اپنے بیان میں کہا ہے کہ شہیدوں کے مشن کو آگے لیجانے کیلئے متحدہ ہوکر کام کرنے کی ضرورت ہے۔
13 جولائی کے شہداء کو خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے دونوں لیڈران نے کہا،کہ اِن شہدا کی قربانیوں کی طفیل ہی جموں و کشمیر کے عوام کوجاگیرداری کا خاتمہ کرنے کا موقعہ ہاتھ لگا تھا اور نیا کشمیر پروگرام پر چل کر اقتصادی مسائل کا مقابلہ کرنے کا عزم ملا تھا۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ جموں وکشمیر نیشنل کانفرنس شہدائے کشمیر کے مشن کو آگے لیجانے کے ہمیشہ کوشاں رہیں ہے اور رہے گی۔