سرینگر:جموں وکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے پی ڈی پی کو چھوڑ کر یونین ٹریٹری کی تمام سیاسی جماعتوں کے سربراہوں کے ساتھ بدھ کی شام راج بھون میں ملاقات کی۔ اس دوران سالانہ امر ناتھ یاترا کو خوش اسلوبی کے ساتھ پایہ تکمیل تک پہنچانے پر تبادلہ خیال ہوا۔ اس میٹنگ کے بعد جموں وکشمیر کانگریس یونٹ کے صدر غلام احمد میر نے بتایا کہ میٹنگ کے دوران صرف امر ناتھ یاترا پر بات ہوئی اور ایل جی منوج سنہا نے یقین دلایا کہ یوٹی کے دوسرے معاملات سے متعلق آئندہ دنوں میں ایک اور میٹنگ طلب کی جائے گی۔ صحافیوں سے بات چیت کے دوران اپنی پارٹی کے سربراہ الطاف بخاری نے کہا کہ میٹنگ کے دوران متفقہ طورپر سالانہ امر ناتھ یاترا کو بہ حسن خوبی پایہ تکمیل تک پہنچانے پر تمام رہنماؤں نے اتفاق رائے ظاہر کیا۔
انہوں نے کہا کہ یاتری ہمارے مہمان ہے اور وادی کشمیر کے لوگوں نے صدیوں پرانی اس روایت کو ہمیشہ برقرار رکھا ہے۔ اُن کے مطابق سالانہ امر ناتھ یاترا کے دوران کشمیریوں نے یاتریوں کو کاندھوں پر اُٹھا کر پوترا گھپا تک پہنچایا اور یہ روایت یہاں ہمیشہ برقرار رہے گی۔ میٹنگ کے دوران دوسرے معاملات پر بات چیت ہونے کے بارے میں الطاف بخاری نے کہا کہ میٹنگ صرف سالانہ امر ناتھ یاترا کے حوالے سے بلائی گئی تھی اور اس دوران سیاسی پارٹیوں کے رہنماؤں کو یاترا کے حوالے سے کیے جارہے انتظامات کے بارے میں پرزنٹیشن دی گئی۔ میٹنگ کے بعد پی سی سی چیف غلام احمد میر نے بتایا کہ چونکہ سالانہ امر ناتھ یاترا دو تین سال کے بعد شروع ہوئی ہے، اس کے لیے سرکار نے جو انتظامات کیے ہیں اُس بارے میں ہمیں مکمل جانکاری فراہم کی گئی۔
غلام احمد میر نے بتایا کہ ایل جی کو بتایا کہ یاتریوں کی خدمت کرنا کشمیریوں کو شیوا رہا ہے یہاں کے لوگوں نے ہمیشہ یاتریوں کی مدد کی۔ یاترا کے دوران جب بھی کوئی قدرتی سانحہ پیش آیا کشمیریوں نے اپنی جانوں کی پرواہ کیے بغیر یاتریوں کی جانیں بچائی ہیں۔ جی اے میر کا مزید کہنا تھا کہ سرکار نے یاتریوں کی اتنی مدد نہیں کی جتنی یہاں کے لوگوں نے کی ہے۔ ہم امید کرتے ہیں یاترا بہ حسن خوبی پایہ تکمیل تک پہنچ جائے۔ پی سی سی چیف نے بتایا کہ چونکہ اس بار یاترا کے دوران ٹریفک کے حوالے سے لوگوں کو دقتیں پیش آرہی ہیں، اس بارے میں ایل جی کو آگاہی فراہم کی گئی کہ اس پر نظر ثانی کی جائے تاکہ لوگوں کو یاترا کے دوران دقتیں پیش نہ آئیں۔