پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) لیڈر نذیر یتو گزشتہ ہفتے علیحدگی پسند رہنما اشرف سحرائی کے فرزند جنید سحرائی کی ہلاکت کے بعد انکے گھر تعزیت کے لئے گئے تھے جس کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر گشت کر رہی تھی۔
جنید سحرائی حزب المجاہدین تنظیم کے سرگرم عسکریت پسند تھے اور وہ گزشتہ ہفتے سری نگر کے نواکدل میں سیکورٹی فورسز کے ساتھ ہوئے تصادم میں ہلاک ہوئے تھے۔
پی ڈی پی لیڈر کو علیحدگی پسند رہنما کی تعزیت مہنگی پڑی نذیر یتو اشرف سحرائی کے سرینگر میں واقع باغات، برزلہ میں انکی رہائش گاہ پر تعزیت کرنے گئے تھے جس کے متعلق ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی۔
اس ویڈیو میں اشرف سحرائی نزیر یتو کے ساتھ تکرار کرتے ہوئے دیکھے جا سکتے ہیں، اس تعلق سے گزشتہ شب کئی نجی ٹی وی چینلوں میں بحث و تمحیص شروع ہوئی جس میں نذیر یتو کے متعلق کئی اشتعال انگیز بیانات اور سوالات بھی کیے گئے کہ ’’انہوں نے ایک علیحدگی پسند رہنما کو انکے عسکریت پسند فرزند کی تعزیت کرنے کی جراءت کیسے کی؟‘‘
اس سلسلے میں نذیر یتو نے ای ٹی وی بھارت کو بتایا کہ ٹی وی چینلز پر پروگرام نشر ہونے کے بعد ہی انکی سیکورٹی کو واپس بلایا گیا ہے۔
ضلع بڈگام سے تعلق رکھنے والے نزیر یتو پی ڈی پی کے سرکردہ سیاسی لیڈر ہیں اور وہ جے کے سیمنٹس کے سابق وائس چیئرمین بھی رہ چکے ہیں۔
ای ٹی وی بھارت کے ساتھ بات کرتے ہوئے نذیر یتو نے کہا کہ وہ انسانیت اور ہمدردی کے جذبے کے تحت اشرف سحرائی سے تعزیت کرنے گئے تھے۔