سرینگر (جموں و کشمیر):یو ٹی جموں و کشمیر میں منگل کو 67 ویں نیشنل سکول گیمز کا آغاز ہوا۔ ملک کے مختلف اسکولوں کی فٹبال اور والی بال ٹیمیں ان مقابلوں میں شرکت کر رہی ہیں، وہیں ریاست تلنگانہ کی فٹبال ٹیم بھی اپنے پہلے میچ کے لیے جوش اور بلند حوصلوں کے ساتھ پریکٹس کرتی نظر آ رہی ہے۔ سفر میں ہوئی دقتوں کے باوجود ٹیم بہتر پرفارم کے لئے پر عزم ہے۔
ای ٹی وی بھارت کے ساتھ بات کرتے ہوئے ٹیم کے منیجر نے کہا کہ ان کی ٹیم میں اچھے پلیئر ہیں اور انہیں امید ہے کہ مدھ پردیش کے خلاف ہو رہے پہلے میچ میں ٹیم شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرکے جیت حاصل کرے گی۔ ٹیم کو درپیش مشکلات کا تذکرہ کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ’’حیدرآباد سے یہاں تک ٹیم کو ٹرین میں تقریبا 40 گھنٹوں کا سفر کرنا پڑتا۔ وقت پر ٹورنامنٹ کے انعقاد کی اطلاع نہ ہونے کے باعث ٹرین ریرزرویشن بھی نہ سکی، تاہم سینئر اور سابق کھلاڑیوں کے اثر و رسوخ کی وجہ سے ٹرین میں بمشکل ریزرویشن ملی اور کھلاڑیوں کو سفر کے دوران کافی تھکاوٹ ہوئی۔‘‘