سرینگر (جموں کشمیر):قومی تحقیقاتی ایجنسی (این آئی اے) نے ہفتے کے روز سرینگر ضلع کے چھانہ پورہ علاقے میں ہتھیار بازیابی کے ایک مقدمے میں ملوث ملزم کی رہائشی جائیداد ضبط کر لی۔ باوثوق ذرائع کے مطابق این آئی اے، مقامی پولیس اور سی آر پی ایف کا مشترکہ آپریشن ہفتے کی صبح شروع کیا گیا تھا۔ اس آپریشن کا مقصد خان کالونی، چھانہ پورہ میں رہنے والے عبدالغنی کے فرزند مشتاق احمد کی غیر منقولہ جائیداد (رہائشی مکان) کو قرق کرنا تھا۔
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ مقدمہ نمبر آر سی 4/22 کے سلسلے میں جس گھر کو ضبط کیا گیا ہے، اس کا تعلق ہتھیاروں کی بازیابی سے ہے۔ یہ پیش رفت مئی 2023 میں سرینگر پولیس کی جانب سے شروع کی گئی ایک سلسلے کی کارروائیوں کے بعد سامنے آئی ہے، جب انہوں نے کالعدم تنظیم لشکر طیبہ/ ٹی آر ایف سے وابستہ دو مقامی ہائبرڈ عسکریت پسندوں کو کامیابی سے گرفتار کیا تھا۔ گرفتار افراد مبینہ طور پر غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث تھے، جس کے نتیجے میں مجرمانہ مواد، ہتھیار اور گولہ بارود برآمد ہوا تھا۔