سری نگر:مرکزی حکومت جموں وکشمیر میں الیکشن کیوں نہیں کروا رہی ہے یہ وہی جانتے ہیں، لیکن ایک نہ ایک دن تو انہیں یہاں الیکشن کروانے ہی ہونگے اور نیشنل کانفرنس کسی بھی الیکشن سے بھاگنے والی نہیں اور مستقبل میں جوبھی انتخابات منعقد ہونے اس میں بھر پور انداز میں حصہ لے گی، خواہ وہ پنچایتی یا بلدیاتی انتخابات ہو یا پھر اسمبلی انتخابات۔ان باتوں کا اظہار نیشنل کانفرنس کےصدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے آج بیروہ میں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کے سوالوں کے جواب دیتے ہوئے کیا۔
جی 20سے متعلق پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا کہ یہ 20مختلف ممالک کا ایک گروپ ہے اور انہی 20ممالک سے تعلق رکھنے والے سیاحتی شعبے کے حکام یہاں آنے والے ہیں، جو سیاحت کو فروغ دینے کیلئے بات کریں گے۔انہو ں نے کہا کہ جب سے ملی ٹنسی شروع ہوئی ہے تب سے بیرونی ممالک سے بہت کم سیاح یہاں آتے ہیں اور ہم اُمید کرتے ہیں جو لوگ یہاں آئیں گے وہ اپنے اپنے ممالک کے لوگوں کو کشمیر جانے کی ترغیب دیں گے۔
جموں وکشمیر کے موجودہ حکمرانوں کی طرف سے مقامی سیاسی جماعتوں کو نشانہ بنانے سے متعلق پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہاکہ آج یہ لوگ یہاں ہیں، ان کا بھی وقت آئے گا اور یہ لوگ بھی ستیہ پال ملک کی طرح چلے جائیں گے، رہنا تویہاں کشمیریوں کو ہی ہے۔' انہوں نے کہا کہ موجودہ حکمران ایسا تاثر دینے کی کوشش کرتے ہیں کہ جموں و کشمیر میں جو کچھ بھی ہے وہ 2019کے بعد ہی قائم ہوا جبکہ حقیقت یہ ہے کہ 2019سے یہاں تعمیرو ترقی کی رفتار ماند پڑ گئی ہے۔