جموں وکشمیر متحدہ مجلس علماء نے موجودہ حالات میں جموں وکشمیر کے ائمہ مساجد، علماءخطیبوں، مسجد کمیٹیوں اور عوام سے گزارش کی ہے کہ وہ اس مرحلے پر اپنے ہمت و حوصلے بلند رکھنے کے ساتھ ساتھ قادر مطلق اللہ تبارک و تعالیٰ کے حضور توبہ و استغفار کے ساتھ ساتھ دعاﺅں کا اہتمام کریں۔
اللہ تبارک و تعالیٰ ملت اسلامیہ بلکہ پوری انسانیت کو موجودہ سنگین عالمی وبا کورونا وائرس کی خطرناک بیماری سے محفوظ رکھے اور پوری دنیا میں صحت و سلامتی کی فضا بحال ہو اور خوف و دہشت سے نجات ملے۔
اس حوالے سے مجلس علماءنے جموں وکشمیر میں دینی اجتماعات کے تئیں منتظمین، ائمہ مساجد ،علماءاور خطیبوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اس ضمن میں دی گئیں ہدایات اور احتیاطی تدابیر پرسختی کے ساتھ عمل کریں۔
ہدایات حسب ذیل ہیں:۔
1) بڑے بڑے اجتماعات کے انعقاد سے گریز کریں۔
2) جمعہ کی نماز میں عربی خطبہ انتہائی مختصر اور دعا صرف موجودہ وبا سے بچنے کیلئے کی جائے۔
3) لوگ سنتیں اور نوافل گھر سے پڑھ کر آئیں، فرض کی ادائیگی کے فوراً بعد مسجد کو خالی کریں ۔تلاوت اور ذکر و اذکار کے معمولات انفرادی طور پر گھروں میں جاری رکھیں۔
4) انفرادی طور اللہ تعالیٰ کی طرف رجوع اور توبہ و استغفار معمولات میں شامل کریں۔