جموں کشمیر میں عید الاضحیٰ کے موقع پر انتظامیہ کی جانب سے بڑے جانوروں (گائے، بچھڑے اور اونٹ)کی قربانی پر لگائی گئی پابندی کے خلاف متحدہ مجلس علما جموں و کشمیر نے شدید رد عمل کا اظہار کیا ہے۔ متحدہ مجلس علماء نے اس حوالے سے اپنا بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت کا فیصلہ حیران کن ہے۔
بیان میں انہوں نے کہا کہ 'ہم حیران ہیں کہ عید الاضحیٰ کے موقع پر ہی کیوں بڑے جانوروں کی قربانی پر پابندی عائد کی جاتی ہے اور آخر اسی دینی تقریب کے موقع پر حکومت کو جانوروں سے وابستہ قوانین کیوں یاد آتے ہیں۔''
انہوں نے کہا کہ مسلمان اللہ تعالیٰ کے حضور قربانی جیسے اہم فریضہ کو ادا کرنے کے پابند ہیں تو پھر مسلمانوں کو اس عمل سے روکنے کا کیا مطلب ہے؟'
متحدہ مجلس علماء نے حکومت نے مطالبہ کیا ہے کہ اس حکم نامہ کو واپس لیا جائے اور جموں کشمیر کے مسلمانوں کو اپنے دینی فرائض انجام دینے سے نہ روکا جائے۔