محیط ایک سال قبل انڈر 18 میں گول کیپر کی حیثیت سے کیرالہ بلاسٹرز میں شامل ہوئے، محیط سری نگر کے علاقے بٹہ مالو سے تعلق رکھتے ہیں، محیط کو پہلے ریزرو کھلاڑیوں کی فہرست میں رکھا گیا تھا اور اب اس سیزن کے آئی ایس ایل کے لیے کیرالہ بلاسٹرز کی پہلی ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔ محیط فی الحال ٹیم کے باقی ممبروں کے ساتھ کیرالہ بلاسٹرز کے بائیو سکیور میں ہیں۔
ای ٹی وی بھارت کے ساتھ گفتگو کے دوران محیط نے کہا کہ "میں نے 6سال کی عمر سے ہی فٹ بال کھیلنا شروع کیا اور میرے والد شبیر احمد خان گول کیپر تھے اس لیے میں بھی انہیں دیکھ کر گول کیپر ہی بنا، 15 سال کی عمر تک میری تربیت میرے والد نے ہی کی، اس کے بعد میں نے مقامی مقابلوں میں بطور گول کیپر حصہ لیا۔"
محیط نے کہا کہ کیرالہ بلاسٹرز کی مرکزی ٹیم کے ساتھ رہنا بہت اچھا ہے، یہاں تک پہنچنے اور اس سیزن آئی ایس ایل کے لیے پہلی ٹیم میں اپنی جگہ محفوظ بنانے کے لیے سخت محنت کی ہے، جس کے نتیجے میں اب مجھے کیرلا کے ٹیم کے ساتھ پانچ سال کا کانٹریکٹ بھی مل چکا ہے۔
سرینگر سے کیرالا بلاسٹرز تک کے سفر کے بارے میں بات کرتے ہوئے محیط نے کہا کہ "جب اشفاق بھائی نے میرے والد کو یہ کہا کی میں آپ کے فرزند کے کھیل سے متاثر ہوا ہوں اور انہیں کیرالا بلاسٹرز کے ساتھ مزید تربیت اور ٹیم کی طرف سے کھیلنے کے لیے لے جانا چاہتا ہوں تو میرے والد نے حامی بھر دی اور آج میں انڈین سپر لیگ میں کیرلا کی طرف سے کھیلوں گا، اسحاق بھائی ہمارے اسسٹنٹ کوچ ہیں۔"