سرینگر:جموں کشمیر انجمن شرعی شیعیان کے زیر اہتمام سات محرم (بدھ) کو وادی کشمیر کے مختلف علاقوں میں جلوس عزا برآمد کیے گئے۔ شیعہ تنظیم کے زیر اہتمام گرمائی دارالحکومت سرینگر کے ڈاؤن ٹاؤن علاقے میں بھی جلوس عزا برآمد کیا گیا۔ جلوس عزا تنظیم کے سربراہ آغا سید حسن الموسوی الصفوی کی قیادت میں حسب روایت سرینگر کے اندرون کاٹھی دروازہ سے برآمد ہو کر قدیم امام باڑہ، حسن آباد میں اختتام ہوا۔ جلوس میں سینکڑوں عزاداروں نے شرکت کی۔
ڈاؤن ٹاؤن سرینگر کے کاٹھی دروازہ میں جلوس علم شریف کئی دہائیوں سے برآمد ہوتا آ رہا ہے جس کی ابتدا بانی انجمن شرعی شیعیان آغا سید یوسف الموسوی الصفوی نے کی تھی۔ ساتھ محرم کو جن مقامات پر علم شریف اور جلوس عزا برآمد ہوئے ان میں پاٹوا وبڈگام، کری پورہ بڈگام، وتہ ماگام بیروہ، آستان پورہ چھترگام، آستان شریف بابا حیدر علی چاڑورہ، اندرون کاٹھی دروازہ حسن آباد سرینگر، شالیمار، کرالہ پورہ جڈی بل قابل ذکر ہیں۔