سرینگر (جموں کشمیر) :پیغمبر آخر الزماں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ولادت با سعادت کی مناسبت سے بیشتر ممالک کی طرح وادی کشمیر میں بھی میلاد النبی (ﷺ) کی تقریبات انتہائی عقیدت و احترام اور تزک واحتشام کے ساتھ منائی جا رہی ہیں۔ اس حوالے سے تمام تیاریوں کو حتمی شکل دی گئی ہے۔ایسے میں جمرات کو شب خوانی ہوگی جبکہ جمعہ کو تقریب سعید منعقد ہوگی۔
بارہ ربیع الاول کی مناسبت سے وادی کشمیر کی چھوٹی بڑی مساجد، درگاہوں، خانقاہوں اور بقعہ جات کو برقی قمقموں سے سجایا گیا ہے۔ میلاد کی نسبت سے وادی میں سب سے بڑی تقریب آثار شریف درگاہ حضرت بل میں منعقد ہو رہی ہے۔ جہاں اطراف واکناف سے ہزاروں کی تعداد میں فرزندان توحید کی شرکت متوقع ہے۔ درگاہ حضرت بل میں رات بھر شب خوانی کے دوران وعظ و تبلیغ، قرآن خوانی، درود اذکار اور خاص دعائیہ مجالس کا اہتمام کیا جا رہا ہے۔ وہیں جمعہ کے موقعہ پر روح پرور اور بابرکت اجتماع منعقد ہونے کے علاوہ نماز فجر سے ہی عقیدت مند موئے مقدس آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کے دیدار سے فیضیاب ہوں گے اور یہ سلسلہ نماز عشاء تک برابر جاری رہے گا۔
اسی طرح کی پر رونق اور روح پرور مجالس آثار شریف پنجورہ شوپیاں، اہم شریف بانڈی پورہ ،جناب صاحب صورہ، شہری کلاش پورہ اور تاریخی جامع مسجد سرینگر میں بھی منعقد ہوں گی۔ جن میں آقائے نامدار حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی شان میں درود و سلام کی صدائیں بلند کی جائیں گیں۔ وہیں علمائے کرام، واعظ و خطیب اور ائمہ مساجد آنحضور ﷺ کی حیات طیبہ کے مختلف گوشوں پر روشنی ڈالیں گے۔