اردو

urdu

ETV Bharat / state

Kashmiris on Ind Vs Pak Match: کشمیری کرکٹرز، انالسٹس نے بھارت پاک کرکٹ میچ کے بارے میں کیا کہا - کشمیری کرکٹرز بھارت پاک کرکٹ میچ

اس بات سے کوئی انکار نہیں کر سکتا کہ 2023 ایشیا کپ میں بھارت اور پاکستان کے درمیان مقابلہ سب سے بڑا اور اہم ہے۔ اس حقیقت سے بھی کوئی انحراف نہیں کہ یہ دونوں روایتی حریف شاذ و نادر ہی ایک دوسرے کا سامنا کرتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ ایشیا کپ کا یہ میچ نہ صرف بر صغیر بلکہ پورے عالم میں کرکٹ شائقین کی توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے۔

بھارت پاکستان کرکٹ میچ پر کشمیریوں کا رد عمل
بھارت پاکستان کرکٹ میچ پر کشمیریوں کا رد عمل

By ETV Bharat Urdu Team

Published : Sep 2, 2023, 1:39 PM IST

بھارت پاکستان کرکٹ میچ پر کشمیریوں کا رد عمل

سرینگر (جموں و کشمیر):بھارت اور پاکستان کے درمیان آخری ایک روزہ کرکٹ میچ سنہ 2019 کے عالمی کپ میں کھیلا گیا تھا، اس میچ میں بھارت نے پاکستان کو 89 رنز سے ہرایا تھا اور اس میچ میں ہار جیت کا فیصلہ ڈک ورتھ لیوس سٹرن (دی ایل ایس) میتھڈ (Duckworth–Lewis–Stern method) سے کیا گیا تھا۔ وہیں فخر زماں کی سنچری اور جسپریت بمراہ کی نو بال کئی روز تک موضوع بحث رہے۔ سنہ 2017 کے چمپئنز ٹرافی کے فائنل میچ، جس میں روایتی حریف ایک دوسرے کے آمنے سامنے رہے، کو تقریباً چھ برس گزر چکے ہیں اور ان چھ برسوں کے دوران دونوں روایتی حریفوں نے ایک دوسرے کے خلاف صرف تین ایک روزہ میچ کھیلے ہیں۔ یہ بھی ایک وجہ کہ ماہرین کے لیے یہ کہنا آسان نہیں ہوگا کہ سری لنکا کے پالےکیلے میدان میں کھیلے جانے والے آج کے میچ کے لیے فیورٹ کون ہے۔

وہیں ماضی کی طرح اس بار بھی براہ راست مقابلہ پاکستان گیندبازوں اور بھارت کے بلے بازوں کے درمیان ہوگا۔ اگرچہ بھارت کے پاس بھی اس بار جسپریت، جڈیجا جیسے وکٹ ٹیکر گیند باز ہیں تاہم پاکستان کے شاہین شاہ آفریدی، نسیم شاہ اور حارث رؤف بھی اپنے کیرئیر کے عروج پر ہیں۔ بلے بازی کی بات کریں تو جہاں اس وقت پاکستان کے کپتان بابر اعظم ایک روزہ میچوں کی رینکنگ میں پہلے پائیدان پر ہیں، امام الحق تیسرے پر اور فخر زمان پانچویں پائیدان پر ہیں۔ وہیں بھارت کے اسٹار وِراٹ کوہلی نویں پوزیشن پر ہیں جبکہ نوجوان کھلاڑی شبھمن گل چوتھے نمبر پر ہیں۔ ان کے علاوہ کوئی بھی بھارتی یا پاکستانی بلے باز ٹاپ ٹین (Top 10) رینکنگ میں نہیں ہے۔ وہیں گیندبازوں کی بات کریں تو پاکستان کے شاہین شاہ نویں پوزیشن پر ہیں جبکہ بھارت کے محمد سراج (چوتھے) اور کلدیپ یادو (دسویں) پوزیشن پر ہیں۔ کرکٹ میں کہا جاتا ہے کہ ماضی صرف اشارہ دیتا ہے اور تاریخ ہر میچ میں رقم ہوتی ہے۔

مزید پڑھیں:IND Vs PAK Asia Cup 2023 ایشیا کپ میں آج بھارت اور پاکستان کے بیچ زبردست مقابلہ

آج کے میچ کے حوالے سے ای ٹی وی بھارت نے کشمیر کے چند معروف کرکٹرز اور اسپورٹس انالیسٹس سے بات کی اور اُن کا کہنا تھا کہ ’’سری لنکا میں اس وقت بارش وقفے وقفے سے ہو رہی ہے اور میچ دلچسپ ہونے کی امید ہے۔‘‘ کشمیری کرکٹرز نے پورے اوورز کا میچ ہونے کی امید ظاہر کی۔ معروف کرکٹ انالسٹ سید ہمایوں قیصر نے ای ٹی وی بھارت کو بتایا: ’’ایشیاء کپ ہو یا عالمی کپ، بھارت پاکستان کا ہر میچ قابل دید اور بڑا میچ ہوتا ہے۔ دونوں ٹیمیں دنیا کہ ٹاپ ٹیموں میں سے ہیں۔ ٹاس کا معاملہ بارش پر مبنی ہوگا وکٹ پر نہیں۔ بارش کے سبب دونوں ٹیمیں ٹاس جیت کر گیند بازی کو ترجیح دیں گی۔ اسپین گیند بازی کے خلاف ہم نے دیکھا ہے کہ پاکستان کی ٹیم کو مشکل ہوتی ہے، اس لیے کلدیپ یادو اور جڈیجا کافی اہم ہو جاتے ہیں۔

بھارتی گیند بازی کے حوالہ سے قیصر نے کہا: ’’اس میچ میں جسپریت بھی اہم ہیں اگرچہ ٹیم میں واپسی کر رہے ہیں لیکن وکٹ ٹیکر باؤلر ہیں۔ بھارت کی بلے بازی انفرادی سطح پر اچھی نظر نہیں آرہی ہے جس وجہ سے پاکستان کے پاس ایڈوانٹیج ہے۔ پاکستان کے پاس نسیم، شاہین اور حارث ہیں اگر وہ وکٹ نکالتے ہیں تو بھارت کے لیے مشکل پیدا ہو سکتی ہے۔‘‘

پاکستانی بلے بازوں کے حوالہ سے ہمایوں قیصر نے کہا: ’’فخر زماں آؤٹ آف فارم ہیں لیکن بڑے میچ کے کھلاڑی ہیں، اسی طرح رضوان، بابر اور افتخار بڑے میچز میں اچھا کھیلتے ہیں۔ جہاں بھارتی بلے بازی تھوڑی پریشان ہوگی پاکستان کی گیندبازی سے وہیں پاکستان کوہلی کی وکٹ جلد چٹخانے کی پوری کوشش کرے گا کیونکہ وہ ہمیشہ پاکستان کے خلاف رن بناتے ہیں۔ پاکستان کے بلے بازوں کی کوشش ہوگی کی وہ بھارت کے اسپین کو اٹیک کریں۔ وہیں پاکستان کے پاس اس وقت بھارت کے مقابلے میں ایک روزہ میچوں کا تجربہ زیادہ ہے۔ پاکستان کےپاس نو بلے باز ہیں اور سات باؤلر ہیں۔ میچ پورا ہونا چاہیے بارش کی وجہ سے اوور کم نہیں ہونے چاہیے۔‘‘

ادھر، بھارت کے فٹسٹ کرکٹر اور جموں و کشمیر کرکٹ ٹیم کے سلامی بلے باز احمد بانڈے نے ای ٹی وی بھارت کے ساتھ تاثرات شیئر کرتے ہوئے کہا: ’’آج کا میچ طویل انتظار کے بعد ہو رہا ہے۔ موسمی صورتِحال (بارش) کی وجہ سے میچ متاثر یا کم اوورز کا امکان ہے تاہم سبھی کرکٹ شائقین چاہتے ہیں کہ میچ پورا ہو۔‘‘ ان کا مزید کہنا تھا کہ’’سری لنکا کے موسم سے لگتا ہے کہ وکٹ کافی دھیمی ہوگی اور پچ میں نمی بھی ہوگی۔ ہائی اسکورنگ تو نہیں ہوگا لیکن دلچسپ میچ ضرور ہوگا۔ بابر اعظم، نسیم شاہ، وراٹ کوہلی، رویندر جڈیجا اور جسپریت بمراہ پر سبھی نگاہیں مرکوز رہیں گی۔‘‘

کشمیر کی خواتین کرکٹ کھلاڑی سعدیہ وانی نے بھی بانڈے کے خیالات سے اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ ’’میچ دلچسپ ہوگا، مجھے لگتا ہے کہ پاکستان سے نسیم شاہ، شاہین شاہ آفریدی، بابر اعظم اور بھارت سے ہاردک پانڈیا اور شبھمن گل بہتر پرفارم کر سکتے ہیں۔‘‘

ABOUT THE AUTHOR

...view details