سرینگر (جموں کشمیر):سال 2023 میں انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنس، صورہ (سکمز) میں 12 لاکھ 50 ہزار سے زائد مریضوں کا علاج و معالجہ کیا گیا جن میں سے تقریباً 90 ہزار مریضوں کو اسپتال میں داخل (ایڈمٹ) بھی کرنا پڑا اور اس دوران 327 مریضوں کی موت بھی واقع ہوئی ہے۔ اس طرح سال رواں کے دوران اسپتال میں مرنے والوں کی شرح اموات 1.83 فیصد رہی ہے۔ وہیں اس عرصے کے دوران 19 ہزار سے زائد افراد کی سرجریز بھی انجام دی گئی ہیں۔
اعداد و شمار کے مطابق سکمز صورہ میں مجموعی طور پر ایک ملین سے زائد مریضوں کا علاج ومعالجہ کیا گیا۔ جن میں 3لاکھ 87 ہزار سے زیادہ نئے مریض بھی شامل ہیں جبکہ پرانے مریضوں کی تعداد 5 لاکھ ایک ہزار 690 ہے۔ ادھر، اسپتال میں شعبہ خواتین میں امراض زچگی میں لگ بھگ 98 ہزار حاملہ خواتین کا معائنہ کیا گیا اور شعبہ ایمرجنسی و حادثات میں 2 لاکھ 67 ہزار سے زائد مریضوں کی اندراج بھی عمل میں لائی گئی ہے۔