سری نگر:وادی کشمیر میں خشک مگر ابر آلود موسم کے بیچ جہاں شبانہ درجہ حرارت میں اضافہ درج ہوا ہے وہیں محکمہ موسمیات نے مزید بارشوں کی پیش گوئی کی ہے۔ متعلقہ محکمے کے ایک ترجمان کی پیش گوئی کے مطابق وادی میں ماہ رواں کے پہلے ہفتے کے دوران موسم خراب رہنے کا امکان ہے۔ انہوں نے بتایا کہ 2 اور 3 مئی کو وادی کے میدانی علاقوں میں ہلکی سے درمیانی درجے کی بارشیں جبکہ پہاڑی علاقوں میں ہلکی برف باری کا امکان ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس دوران گرج چمک کے ساتھ کہیں کہیں ژالہ باری بھی ہوسکتی ہے اور تیز ہوائیں بھی چل سکتی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ بعد ازاں 4 سے 7 مئی تک بھی موسم خراب رہنے کا امکان ہے اس دوران کہیں کہیں گرج چمک کے ساتھ بارشوں کا امکان ہے۔ ادھر وادی میں خشک مگر ابر آلود موسم کے بیچ شبانہ درجہ حرارت میں اضافہ درجہ ہوا ہے۔ گرمائی دارلحکومت سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت 11.3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت 10.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔ وادی کے شہرہ آفاق سیاحتی مقام گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت 4.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت 1.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔