سری نگر:محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے عین مطابق وادی کشمیر میں بارشوں کا سلسلہ شروع ہوا جو 26 مئی تک جاری رہنے کا امکان ہے۔ متعلقہ محکمے کے ایک ترجمان کے مطابق اگلے چوبیس گھنٹوں کے دوران وادی کے میدانی علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ رک رک کر بارشیں ہونے کا امکان ہے اور اس دوران کہیں کہیں ژالہ باری بھی ہوسکتی ہے اور بعض علاقوں میں تیز ہوائوں کے چلنے کا بھی امکان ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس دوران وادی کے پہاڑی علاقوں میں کہیں کہیں برف باری متوقع ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وادی میں 25 اور 26 مئی کو موسم ابر آلود رہ سکتا ہے اور اس دوران بعد دوپہر کے بارشوں کے مختصر مرحلے کا امکان ہے۔ ترجمان نے کہا کہ بعد ازاں وادی میں 27 سے 30 مئی تک موسم جزوی طور پر ابر آلود رہ سکتا ہے۔ محکمے نے کسانوں سے کہا ہے کہ وہ موسم بہتر ہونے تک اپنے تمام آپریشنز ملتوی کریں جبکہ سفر کرنے والوں سے کہا گیا ہے کہ وہ سفر اختیار کرنے سے قبل متعلقہ ٹریفک پولیس سے رابطہ کریں۔
ادھر سری نگر میں گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 6.9 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے جبکہ قاضی گنڈ میں 8.2 ملی میٹر،پہلگام میں 22.5 ملی میٹر، کپوارہ میں10.6 ملی میٹر، گلمرگ میں 21.0 ملی میٹر اور کوکر ناگ میں 10.5 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے۔ بارشوں کے بیچ قاضی گنڈ کو چھوڑ کر وادی کے شبانہ درجہ حرارت میں گرواٹ درج ہوئی ہے۔ گرمائی دارلحکومت سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت 13.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت14.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔ وادی کے شہرہ آفاق سیاحتی مقام گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت 6.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت9.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔