سری نگر: وادی کشمیر میں دگرگوں موسمی صورتحال کے بیچ محکمہ موسمیات نے اگلے چوبیس گھنٹوں کے دوران مزید بارشوں کی پیش گوئی کی ہے۔ متعلقہ محکمے کے ایک ترجمان نے بتایا کہ وادی میں اگلے چوبیس گھنٹوں کے دوران ہلکی سے درمیانی درجے کی بارشوں کا امکان ہے۔ انہوں نے کہا کہ وادی میں اگلے دو دنوں کے دوران بھی موسم خراب رہ سکتا ہے اور اس دوران کہیں کہیں گرج چمک کے ساتھ بارش ہوسکتی ہے۔ ادھر سری نگر میں گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 0.3 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے جب کہ کپواڑہ میں 2.0 ملی میٹر، گلمرگ میں 1.2 ملی میٹر، قاضی گنڈ اور پہلگام میں بھی بوندا باندی ہوئی ہے۔ بارشوں کے باوجود وادی کے شبانہ درجہ حرارت میں بتدریج بہتری واقع ہو رہی ہے۔
گرمائی دارلحکومت سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت 7.9 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت6.7 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔ وادی کے شہرہ آفاق سیاحتی مقام گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت 0.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت منفی 0.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔ وادی کے دوسرے مشہور سیاحتی مقام پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت 3.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت2.7 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔