اردو

urdu

ETV Bharat / state

جنوبی کشمیر میں مزید پولیس پوسٹس قائم - آٹھ نئے فوجی کیمپ قائم

لیفٹیننٹ گورنر انتظامیہ نے جنوبی کشمیر میں پولیس کو مزید مستحکم کرنے کے لئے سات نئے پولیس پوسٹس قائم کئے ہیں جبکہ ان نئے پوسٹس میں اینٹی ہائجیکنگ یونٹ میں تعینات 271 پولیس اہلکار اور ایک اسپیشل سیکورٹی گروپ سے ایس پی سطح کے افسر کا تبادلہ کرکے تعینات کیا جائے گا۔

جنوبی کشمیر میں مزید پولیس پوسٹس قائم
جنوبی کشمیر میں مزید پولیس پوسٹس قائم

By

Published : Jun 25, 2020, 2:25 PM IST

محکمہ داخلہ کے ایک حکمنامے کے مطابق جنوبی کشمیر کے پلوامہ ضلع کے پانپور قصبے میں ایس ڈی پی او سطح کا پولیس ڈویژن قائم کیا گیا ہے، اس سے قبل وہاں ایس ایچ او لیول کا پولیس اسٹیشن قائم تھا۔

وہیں کولگام ضلع کے قاضی گنڈ میں سرینگر - جموں شاہراہ پر ایڈیشنل (ہائی ویز) کا دفتر قائم کرکے شاہراہ کی سیکورٹی کو مزید مستحکم کیا جائے گا۔

حکمنامے کے مطابق جنوبی کشمیر کے اننت ناگ ضلع کے ہلر، ڈکسم، ہتی پور، نئلو، اور ٹال پلازہ چُرسو کے مقامات پر نئی پولیس چوکیاں قائم کی گئی ہیں۔

کولگام ضلع کے بہی باگ میں پولیس چوکی کو پولیس اسٹیشن کا درجہ دے کر اس کا احاطہ وسیع کرکے 18 گاؤں اس میں شامل کئے گئے ہیں۔

یاد رہے کہ رواں سال جنوری میں سرینگر ائیرپورٹ کی حفاظت کو سنٹرل انڈسٹرئیل سیکورٹی فورسز کے حوالے کیا گیا تھا کیونکہ جموں و کشمیر پولیس میں تعینات ڈی ایس پی دیوندر سنگھ کو عسکریت پسندوں کے ساتھ قاضی گنڈ شاہراہ پر گرفتار کیا گیا تھا۔

قابل ذکر ہے کہ جنوبی کشمیر میں سنہ 2016 سے عسکری سرگرمیوں میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے جبکہ اس علاقے کے چار اضلاع پلوامہ، کولگام، شوپیاں اور اننت ناگ میں سیکورٹی کی تعداد بڑھا دی گئی تھی۔

شوپیاں ضلع میں سنہ 2018 میں عسکریت پسندوں کی سرگرمیوں میں اضافے کے بعد وہاں قریبا آٹھ نئے فوجی کیمپ قائم کئے گئے تھے۔

رواں سال کے چھ ماہ میں جنوبی کشمیر میں عسکریت مخالف کارروائیوں میں زبردست اضافہ دیکھا گیا ہے۔

واضح رہےکہ رواں سال میں اب تک 110 عسکریت پسند مختلف چھڑپوں میں ہلاک کئے گئے ہیں جن میں بیشتر جھڑپیں جنوبی کشمیر کے اضلاع میں ہوئیں۔

ABOUT THE AUTHOR

...view details