سرینگر:محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے عین مطابق وادی کشمیر میں پیر کی صبح سے ہی بارشوں کا سلسلہ شروع ہوا جس سے سری نگر کے کئی علاقوں میں سڑکیں اور گلی کوچے زیر آب آگئے۔ متعلقہ محکمے کے ایک ترجمان نے بتایا کہ وادی میں اگلے چوبیس گھنٹوں کے دوران گرج چمک کے ساتھ بارشوں کا امکان ہے۔
انہوں نے کہا کہ وادی میں موسم کی یہی صورتحال 20 اگست تک جاری رہنے کی توقع ہے۔ ادھر بارشوں کے باوجود وادی میں شبانہ درجہ حرارت معمول سے زیادہ درج ہوا ہے۔ گرمائی دارلحکومت سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت 20.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے2.3 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ ریکارڈ ہوا تھا۔
وادی کے مشہور ترین سیاحتی مقام گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت 12.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے0.7 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ ریکارڈ ہوا تھا۔ وادی کے دوسرے مشہور سیاحتی مقام پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت17.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے4.2 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ ریکارڈ ہوا تھا۔