سرینگر: وادی کشمیر میں شدید گرمی کے بیچ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آنے والے کچھ دنوں کے دوران لوگوں کو گرمی سے قدرے راحت ملنے کا امکان ہے۔متعلقہ محکمے کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ مونسون جموں و کشمیر پہنچ چکا ہے جس کے باعث جموں صوبے میں ہلکی سے درمیانی درجے کی بارشیں ہو رہی ہیں۔ محکمے نے کہا کہ کشمیر میں بھی بادل چھائے رہیں گے جس سے لوگوں کو بھی آنے والے دو چار دنوں کے دوران گرمی سے قدرے راحت نصیب ہوسکتی ہے۔ محکمہ موسمیات کے عہدیدار نے بتایا کہ اس کے بعد گرمی کا زور ایک بار پھر بڑھ جائے گا۔ Partly Cloudy Weather in Valley
عہدیدار نے کہا کہ کشمیر میں جون اور جولائی کے مہنیوں کے دوران درجہ حرارت کا 34 یا35 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہونا کوئی نئی بات نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر سال ان مہنیوں کے دوران گرمی ایسی ہوتی ہے۔ادھر وادی کشمیر کے بیشتر مقامات پر شبانہ درجہ حرارت میں مزید اضافہ درج ہوا ہے۔ گرمائی دارلحکومت سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت23.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے7.0 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ ریکارڈ ہوا تھا۔
وادی کے مشہور زمانہ سیاحتی مقام گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت14.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو گذشتہ شب کے درجہ حرارت سے 0.5 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ ریکارڈ ہوا تھا۔ وادی کے دوسرے مشہور سیاحتی مقام پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت17.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو گذشتہ شب کے درجہ حرارت سے 1.8 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ ریکارڈ ہوا تھا۔ Weather in Kashmir