سرینگر (جموں و کشمیر) :عوامی مجلس عمل نے نامور پیشکار اور ہدایت کار زاہد منظور کی وفات پر دکھ اور صدمے کا اظہار کیا۔ اپنے تعزیتی بیان میں تنظیم نے مسلسل نظر بند رکھے گئے تنظیم کے سربراہ میرواعظ کشمیر ڈاکٹر مولوی محمد عمر فاروق کی طرف سے زاہد منظور کی وفات کو ایک بڑا سانحہ قرار دیتے ہوئے ان کی میڈیا کے توسط سے سماج کے تئیں خدمات کو زبردست الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا اور انہیں انتہائی ملنسار، بااخلاق اور پُر کشش شخصیت قرار دیا۔ تنظیم نے کہا کہ ’’میرواعظ قدغنوں اور نظربندی کے سبب مرحوم کے نماز جنازہ میں شرکت نہیں کر سکے جو حد درجہ افسوسناک ہے۔‘‘
بیان میں زاہد منظور کے برادران نیاز منظور، خالد مظفر اور فرزند عمار منظور اور برادر نسبتی مولوی شفاعت احمد کے ساتھ دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا گیا۔ مرحوم زاہد منظور کشمیر کے نامور منتظم اور ادیب و شاعر مرحوم غلام محمدطاؤس کے نہ صرف فرزند تھے بلکہ میرواعظ خاندان کے رکن مولوی شفاعت احمد کے برادر نسبتی بھی تھے۔ تنظیم نے اللہ تبارک و تعالیٰ سے مرحوم کی مغفرت اور جنت نشینی کی دعاؤں کے ساتھ ساتھ سوگوار کنبے خاص طور پر مرحوم کے فرزند اور لواحقین کیلئے صبر جمیل کی خصوصی دعا کی۔